سماعت کے دوران ہنگامہ کرنے والوں کو کمرے سے نکال دیا گیا
امریکی ایوانِ نمائندگان میں پاکستان سے متعلق سماعت کے دوران کمرے میں نعرے بازی اور شور شرابے کا سلسلہ بھی شروع ہوا جس پر سماعت روکنا پڑی۔
کمیٹی کے ارکان نے ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کو کمرے سے نکالنے کی ہدایت کی۔ اس دوران بعض افراد کی جانب سے 'فری عمران خان' کے نعرے بھی لگائے گئے۔
شور شرابہ کرنے والے افراد کو کمرے سے نکالنے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہو گئی۔
عمران خان کی حکومت گرانے کے الزامات کے دوران پچھلے دو برس میں مجھے قتل کی دھمکیاں دی گئیں: ڈونلڈ لو
امریکی معاون وزیرِ خارجہ ڈونلڈ لو کا امریکی کانگریس میں پاکستان سے متعلق سماعت کے دوران کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت گرانے کے الزامات کے دوران مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
اُں کا کہنا تھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی کا یہ مطلب نہیں ہے کہ تشدد اور دھمکیوں کی نوبت آ جائے۔
انتخابات میں دھاندلی کی شکایات پر ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ انتخابات میں بے ضابطگیوں کی شکایات کا ازالہ کرنا الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کام ہے۔
ڈونلڈ لو کے بقول ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان کے جمہوری ادارے ان شکایات کا کس طرح ازالہ کرتے ہیں۔