رسائی کے لنکس

ہمارا نہیں خیال کہ غزہ میں قتل عام ہو رہا ہے: وائٹ ہاؤس


قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان وائٹ ہاؤس میں غزہ جنگ سے متعلق نامہ نگاروں سے بات کر رہے ہیں۔
قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان وائٹ ہاؤس میں غزہ جنگ سے متعلق نامہ نگاروں سے بات کر رہے ہیں۔
  • وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ غزہ جنگ میں حماس کو شکست ہو۔
  • امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر سلیوان کا کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ غزہ میں فلسطینی ہلاکتوں کو قتل عام کے طور پر نہیں دیکھتی۔
  • سلیوان نے صحافیوں سے کہا کہ اگر حماس یرغمالوں کو رہا کر دے تو جنگ بندی ہو سکتی ہے۔
  • رفح میں اسرائیل کی کوئی بھی بڑی فوجی کارروائی ایک غلطی ہو گی۔

امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے پیر کو کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ حماس کے ساتھ جنگ میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کے دوران غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کو قتل عام کے طور پر نہیں دیکھتی۔

سلیوان نے وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ حماس کو شکست ہو، اور یہ کہ جنگ کے اندر پھنسے ہوئے فلسطینیوں کے لیے زندگی جہنم بنی ہوئی ہے۔

قومی سلامتی کے مشیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ رفح میں اسرائیل کی کوئی بھی بڑی فوجی کارروائی ایک غلطی ہو گی۔

سیلیوان نے کہا کہ ہمارا نہیں خیال کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ قتل عام ہے۔ ہم اس رائے اور سوچ کو سختی سے مسترد کر چکے ہیں۔

رفح کے مشرقی حصے میں اسرائیلی فوج کے فضائی اور زمینی حملے شروع ہونے کے بعد ایک فیملی اپنا گھر چھوڑ کر پناہ کی تلاس میں نکل رہی ہے۔ 13 مئی 2024
رفح کے مشرقی حصے میں اسرائیلی فوج کے فضائی اور زمینی حملے شروع ہونے کے بعد ایک فیملی اپنا گھر چھوڑ کر پناہ کی تلاس میں نکل رہی ہے۔ 13 مئی 2024

صدر بائیڈن کو، جو اس سال نومبر میں اپنے عہدے کی دوسری مدت کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اسرائیل کی حمایت پر ملک کے اندر اپنے ہی حامیوں کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان میں سے کچھ کا الزام ہے کہ اسرائیل غزہ میں قتل عام کا مرتکب ہوا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 35 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور عورتوں کی ہے۔

سلیوان نے صدر بائیڈن کے ہفتے کے روز کیے گئے تبصروں کو دوہراتے ہوئے کہا کہ اگر حماس یرغمالوں کو رہا کر دے تو جنگ بندی ہو سکتی ہے۔

پناہ گزینوں کو رفح میں پناہ دینے والے ایک خود پناہ کی تلاش میں ہیں۔ 11 مئی 2024
پناہ گزینوں کو رفح میں پناہ دینے والے ایک خود پناہ کی تلاش میں ہیں۔ 11 مئی 2024

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کو حماس سے یہ مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئے اور معاہدے کو قبول کرے۔

سلیوان نے کہا کہ امریکہ جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے تیزی سے کام کر رہا ہے۔ لیکن وہ یہ پیش گوئی نہیں کر سکتے کہ معاہدے پر کب دستخط ہوں گے۔

(اس رپورٹ کے لیے معلومات رائٹرز سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG