|
جمعرات کو امریکہ میں ڈیمو کریٹس نے نائب صدر کاملا ہیرس کو ،2024 کے انتخابات میں ریپبلکن امیدوار سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مدِ مقابل امیدوار نامزد کرنے کے لیے ووٹنگ شروع کی، جو نومبر میں وائٹ ہاؤس میں ایک نئی چار سالہ مدت کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
پانچ روزہ الیکٹرونک ووٹنگ کے پہلے روز ڈیمو کریٹس کے تقریباً چار ہزار سر گرم کارکنوں اور سیاستدانوں نے ہیرس کی حمایت کے لیے اپنے دستخط روانہ کیے۔ یہ ووٹنگ، 19 سے 22 اگست تک ہونے والے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن سے پہلے کروائی جا رہی ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ہیرس آئندہ کچھ روز میں اپنے ساتھ نائب صدر کے لیے امیدوار کے نام کا اعلان کردیں گی اور اس کے بعد وہ سخت مقابلے والی متعدد ریاستوں میں ریلیوں کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔ صدر بننے کے لیے ان ریاستوں میں جیتنا ہیرس اور ٹرمپ دونوں کے لیے ضروری ہے۔
ہیرس کی نامزدگی کے لیے ووٹنگ میں شریک وفادار ڈیمو کریٹس کا چناؤ ابتدا میں، اس سال کے شروع میں،صدر بائیڈن کے دوبارہ الیکشن لڑنے کی نامزدگی کے لیے ریاست بہ ریاست ہونے والے پرائمری الیکشنز اور کاکسز میں کیا گیا تھا۔
لیکن جب جون میں ٹرمپ کے ساتھ ایک صدارتی مباحثے میں خراب کارکردگی کے بعد،گزشتہ ماہ 81 سالہ صدر بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم ختم کردی اور 59 سالہ ہیرس کی نامزدگی کی حمایت کردی تو پارٹی سے وابستہ لوگ ان کے امیدوار ہونے کی حمایت میں متحد ہو گئے۔ نامزدگی کے لیے کوئی اور بڑا حریف کاملا کو چیلنج کرنے کے لیے سامنے نہیں آیا۔
ڈیمو کریٹک نیشنل کمیٹی نے ایک بیان میں کہاکہ ہیرس نے پارٹی میں نامزدگی کے لیے مقابلے میں پیٹیشنز پر دستخط کرنے والے 99 فیصد ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کی ہے جبکہ کوئی اور کامیابی کے لیے ضروری 300 دستخطوں کی حد عبور نہیں کرسکا۔
پارٹی کے نیشنل چئیر جیمی ہیریسن نے کہا، " آئندہ دنوں میں ہمارے ڈیلیگیٹس پر بھاری ذمے داری ہے۔ اور ان کے پاس یہ تاریخ رقم کرنے کا موقع بھی کہ وہ اپنے ووٹوں سے یہ یقینی بنائیں کہ ہیرس نومبر کے الیکشن میں ہر ریاست میں بیلٹ پر ہوں۔
انہوں نے کہا، ہماری پارٹی نے اس بے مثال لمحے میں نامزدگی کی ایک ایسی امیدوار کے لیے متحد ہونے کی غرض سے شفاف، جمہوری اور منظم طریقہ کار اپنایا جو یہ ریکارڈ سے ثابت کر چکی ہیں کہ وہ آئندہ جدوجہد میں ہماری قیادت کریں گی۔
ہیرس امریکہ کی ایک بڑی پارٹی کی صدارتی نامزدگی حاصل کرنے والی پہلی سیاہ فام اور جنوبی ایشیائی خاتون ہوں گی۔
5نومبر کو امریکہ بھر میں پولنگ میں 100 دن سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے۔ اور اہم ریاستوں میں رائے عامہ کے جائزوں سے ظاہر ہو رہا ہے کہ ہیرس اور ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
فورم