|
ویب ڈیسک — ڈرامہ، کرائم اور ایکشن سے بھرپور ویب سیریز 'مرزا پور' کامیابیاں سمیٹنے کے بعد اب جلد بڑے پردے پر بھی آنے والی ہے۔
سیریز کے شریک پروڈیوسر فرحان اختر نے پیر کو مرزا پور فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
فرحان اختر نے اپنے انسٹاگرام پر 'مرزا پور: دی فلم' کا اعلان کرتے ہوئے ایک ٹیزر شیئر کیا جس میں اداکار پنکج تریپاٹھی، علی فضل اور دویندو شرما کو دیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق فلم کی ہدایات گرمیت سنگھ دیں گے جب کہ یہ سال 2026 میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم میں بھی سیریز والے ہی کردار ہوں گے جن میں قالین بھیا کا کردار پنکج تریپاٹھی، گڈو پنڈت کا کردار علی فضل جب کہ منا کا کردار دویندو شرما ہی ادا کریں گے۔
مرزا پور فلم کے پروڈیوسرز رتیس سدھوانی اور فرحان اختر نے این ڈی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ہمارے لیے ایک سنگِ میل ہے کہ ہم مرزا پور کو بڑے پردے پر پیش کرنے جا رہے ہیں۔"
'مرزا پور' سیریز 2018 میں ایمیزون پرائم پر ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد اس نے خوب مقبولیت حاصل کی تھی۔
بعد ازاں اکتوبر 2020 میں 'مرزا پور' کا دوسرا سیزن جب کہ رواں برس تیسرا سیزن ریلیز ہوا تھا۔
مرزا پور کی کہانی جرم، سیاست اور خاندان کے اندر ہونے والی سازشوں کے گرد گھومتی ہے۔
سیریز میں پنکج تریپاٹھی، علی فضل، شویتا تریپاٹھی اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔