|
ویب ڈیسک — بھارت نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے دور تک مار کرنے والے ہائپر سونک میزائل کا کام یاب تجربہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق کامیاب تجربے کے بعد بھارت نے ہتھیاروں کی تیاری میں اہم سنگ میل طے کر لیا ہے۔
ہائپرسونک میزائل کے کامیاب تجربے کے بعد بھارت جدید ٹیکنالوجی رکھنے والے گنے چنے ملکوں میں شامل ہوگیا ہے۔
ہائپر سونک میزائل آواز کی رفتار سے پانچ گنا سے بھی زیادہ تیز رفتاری سے حرکت کرتے ہیں۔
یہ میزائل حریف ممالک کے میزائلوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت سے بھی لیس ہیں۔ ہائپر سونک میزائل تیز رفتاری کے ساتھ 'پے لوڈ' ہزاروں کلو میٹر دُور لیجانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
بھارت سمیت کئی ممالک میں ہائپرسونک ہتھیاروں کی تیاری کی کوششوں میں اضافہ ہوا ہے۔
چین، روس اور امریکہ کے علاوہ دیگر ممالک بھی دور تک مار کرنے والے میزائل تیار کرنے کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔
بھارت کا میزائل حکومتی ادارے ڈیفینس ریسرچ اینڈ ڈپارٹمنٹ آرگنائزشین اور دیگر انڈسٹری پارٹنرز نے تیا رکیا ہے۔
حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ میزائل دھماکہ خیز مواد لے کر 1500 کلومیٹر دور تک مار کر سکتا ہے۔
بیان کے مطابق فلائٹ ڈیٹا سے معلوم ہوتا ہے کہ میزائل کامیابی کے ساتھ ٹھیک نشانے پر لگا ہے۔
میزائل کا تجربہ ہفتے کو اوڈیسا ریاست میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے سے کیا گیا تھا۔
بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے میزائل کے کامیابی تجرے کو ’تاریخی کامیابی‘ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا میزائل کی کامیابی کے ساتھ بھارت جدید ترین ٹیکنالوجی رکھنے والے چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔
اس رپورٹ میں شامل تفصیلات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔