رسائی کے لنکس

میکسیکو: دھماکے میں ہلاکتیں 32 ہوگئیں


میکسیکو میں ایک سرکاری آئل کمپنی کے صدر دفتر میں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے

میکسیکو میں ایک سرکاری آئل کمپنی کے صدر دفتر میں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے جب کہ حکام تاحال دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات میں مصروف ہیں۔

دارالحکومت میکسیکو سٹی میں واقع پچاس منزلہ عمارت میں قائم 'پیمیکس' نامی کمپنی کے صدر دفتر میں یہ دھماکہ جمعرات کی شب ہوا تھا جس سے عمارت کی نچلی منزلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

دھماکے کے بعد امدادی اہلکاروں نے ہیلی کاپٹروں، آگ بجھانے والی گاڑیوں اور دیگر تیکنیکی عملے کی مدد سے عمارت میں پھنسے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا تھا ۔

حکام کے مطابق دھماکے میں 100 کے لگ بھگ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حکام تاحال دھماکے کی وجوہات کا تعین کرنے میں ناکام ہیں لیکن بعض عہدیداران نے عندیہ دیا ہے کہ عمارت کے تہہ خانے میں موجود آلات میں ہونے والی گڑ بڑ دھماکے کی وجہ ہوسکتی ہے۔

میکسیکو کے صدر اینرک پینا نیتو نے جمعرات کی شب ہونے والے دھماکے کے بعد جائے حادثہ کا دورہ کیا اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

'پیمیکس' کمپنی ماضی میں بھی اس نوعیت کےکئی حادثات کا شکار ہوچکی ہے۔ گزشتہ برس ستمبر میں رینوسا نامی شہر کے نزدیک کمپنی کے پلانٹ میں ہونے والے دھماکے میں 30 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ 2010ء میں کمپنی کی ایک آئل پائپ لائن پھٹنے 29 افراد مارے گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG