رسائی کے لنکس

ڈزنی نے فاکس نیوز اور فلم کو 52 ارب ڈالر میں خرید لیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

والٹ ڈزنی نے 52 ارب 40 کروڑ ڈالر میں خبروں اور انٹر ٹینمنٹ کی کمپنی فاکس کو خریدنے کا سودا کیا ہے۔ اس ڈیل میں فاکس کی ٹونٹی فرسٹ سینچری کی فلم کمپنی بھی شامل ہے۔

ڈیجیٹل دنیا کے اب تک اس سب سے مہنگے سودے کا مقصد آن لائن کمپنیوں’ نیٹ فلکس‘اور’ ایمزان‘کے تفریحی شعبے میں مقابلہ کرنا ہے۔

فاکس اور اس سے منسلک کمپنیاں مرڈاک کی ملکیت ہیں۔

انہوں نے نصف صدی سے زیادہ عرصہ پہلے اپنی والد سے وراثت میں ملنے والے آسٹریلیا کے چھوٹے سے اخبار سے اپنی کاروباری زندگی کا آغاز کیا تھا، جب ان کی عمر 21 سال تھی۔

مرڈاک نے اپنی محنت اور کوششوں سے اپنے چھوٹے سے اخبار سے فاکس کے نام سے دنیا کا سب سے اہم نیوز نیٹ ورک اور ٹونٹی فرسٹ سینچری کے نام سے دنیا کی سب سے اہم فلم پروڈکشن کمپنی قائم کی۔

خبررساں ادارے روئیٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس معاہدے کے تحت ڈزنی 12 سے 18 مہینوں میں ٹونٹی فرسٹ سینچری فاکس فلم اور ٹیلی وژن کے تمام اسٹوڈیوز، کیبل انٹرٹینمنٹ نیٹ ورک اور ٹیلی وژن کے بین الاقوامی کاروبار کو اپنی تحویل میں لے لے گا۔

اس معاہدے میں فاکس ٹی وی کے 22 علاقائی سپورٹس چینلز اور امریکہ میں بیس بال، باسکٹ بال، ہاکی اور کالجوں اور سکولوں کے مشہور مقابلے براہ راست نشر کرنے کے حقوق بھی شامل ہیں۔

ڈزنی کے پاس اس وقت کئی بین الاقوامی چینل موجود ہیں جن میں بھارت کا سٹار ٹی وی نیٹ ورک، یورپ کا سکائی ٹی وی اور کئی ملکوں میں کھیلوں کے مقابلے نشر کرنے کے حقوق شامل ہیں۔

اس معاہدے کے بعد ڈزنی کے ٹیلی وژن نیٹ ورک اور انٹرٹینمنٹ کے دائرے میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔

XS
SM
MD
LG