فرانس کی پولیس نے پیرس کے قریب مشہور زمانہ ڈزنی لینڈ پارک کے قریب سے ایک شخص کو اسلحے سمیت گرفتار کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ شخص جب نیویارک ہوٹل میں داخل ہونے لگا تو تلاشی کے دوران اس کے بیگ میں دو بندوقوں کی نشاندہی ہوئی۔
اس شخص کے ساتھ ایک خاتون بھی تھیں لیکن اس سے قبل کہ انھیں حراست میں لیا جاتا وہ وہاں سے فرار ہو گئیں۔
پولیس نے بتایا کہ اس شخص سے ملنے والی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ پیرس کا رہائشی ہے اور اس ہوٹل میں اس نے بکنگ کروا رکھی تھی۔ اس شخص کی شناخت یا دیگر تفصیل جاری نہیں کی گئی لیکن پولیس کے مطابق اس کے پاس قرآن کا ایک نسخہ بھی تھا۔
اس معاملے کے دوران کسی بھی طرح کی مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی اور نہ ہی معمولات میں کوئی خلل آیا۔
ڈزنی لینڈ پیرس فرانس کے دارالحکومت سے تقریباً تیس کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ یہاں ہر سال لگ بھگ ایک کروڑ سیاح آتے ہیں۔ اس علاقے میں داخل ہونے والوں کی پوری طرح سے تلاشی لی جاتی ہے۔
فرانس میں گزشتہ نومبر میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد سے سکیورٹی انتہائی سخت ہے۔ ان حملوں میں پیرس کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور بم دھماکوں میں کم ازکم 130 افراد ہلاک اور 350 سے زائد زخمی ہوگئے تھے اور اسے ملکی تاریخ کا ایک بدترین واقعہ قرار دیا گیا۔
انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں کی مخالفت کے باوجود صدر فرانسوا اولاند نے کہا ہے کہ وہ ملک میں ہنگامی حالت مزید تین ماہ تک نافذ رکھیں گے۔