رسائی کے لنکس

کراچی میں شاپنگ سینٹرز کی سیکورٹی کے لئے خصوصی پلان


پلان پر باقاعدہ عمل درآمد سے پہلے اس کی ریہرسل کی گئی۔ ریہرسل عام لوگوں سے خفیہ رکھی گئی تھی تاکہ کسی پر بھی اس پلان کی حکمت عملی ظاہر نہ ہو۔

کراچی میں بڑھتی ہوئی بدامنی سے نمٹنے اور عید کے موقع پر شاپنگ سینٹر ز کی سیکورٹی کے لئے ایک منفرد اور خصوصی سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اس پلان کو ترتیب دیا ہے پولیس آفیسر انسپکٹر کینن ڈین نے جو بطور ایس ایچ او کلفٹن تھانے میں تعینات ہیں۔
کلفٹن کراچی کا نہایت پوش علاقہ ہے اور پچھلے دنوں یہیں کے ایک شاپنگ سینٹر سے ایک خاتون اورکچھ دیگر افراد کو اغواء کرنے کی کوشش کی گئی تھی جبکہ اسی علاقے کے کچھ شاپنگ سینٹرز پر دیگر مجرمانہ سرگرمیاں بھی ہوچکی ہیں جس کے پیش نظر عید کے موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس سیکورٹی پلان پر عمل درآمد کا آج سے ہی آغاز ہوگیا ہے جبکہ چاند رات تک اس پلان پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔ علاقہ پولیس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پلان پر باقاعدہ عمل درآمد سے پہلے اس کی بخوبی اور کامیاب ریہرسل بھی کی گئی۔ ریہرسل عام لوگوں سے خفیہ رکھی گئی تھی تاکہ کسی پر بھی اس پلان کی حکمت عملی ظاہر نہ ہو۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے سے گفتگو میں اکینن ڈین کا کہنا ہے کہ انہوں نے مذکورہ سیکورٹی پلان پر فول پروف عمل درآمد کے لئے شاپنگ سینٹرز ، اطرافی سڑکوں اور شاپنگ سینٹرز کے نقشے بھی تیار کرائے ہیں تاکہ کوئی ہنگامی صورتحال ہو یا مجرموں کا پیچھے کرنا ہوتو انہیں چاروں طرف سے گھیرا جاسکے۔
پلان میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ گلف شاپنگ سینٹر، عظمیٰ شاپنگ سینٹر، آشیانہ شاپنگ سینٹر، ڈی فورم شاپنگ سینٹر، زم زمہ شاپنگ ایریاز اور دیگر علاقوں میں سیکورٹی کے لئے باوردی اور سادہ لباس پولیس اہلکارہر وقت تعینات رہیں گے ۔ کسی بھی صورتحال میں فوری طور پر الارم بجے گا جس سے سیکورٹی اہلکار علاقے کی ناکہ بندی کردیں گے اور مجرم بج کر فرار نہیں ہوسکے گا ۔
تمام سیکورٹی اہلکاروں کے پاس جدید آلات ہوں گے جن کی مدد سے وہ ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے ۔ ان آلات کے ذریعے اہلکارہائی الرٹ بھی رہیں گے ۔
XS
SM
MD
LG