رسائی کے لنکس

سیلکشن کا معیار ’پی ایس ایل‘ ہوگا تو ٹیسٹ کرکٹر کہاں سے ملیں گے: محمد آصف


فاسٹ بولر محمد آصف
فاسٹ بولر محمد آصف

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے امریکہ میں کمیونٹی کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے لئے کام کا آغاز کردیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی جہاں بھی ہوتی ہے وہاں بہترین کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔ حالیہ انگلینڈ ٹیسٹ سریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم کی ٹیسٹ کھیلنے کے قابل نہیں تھی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف کے اعزاز میں گزشتہ دنوں ورجنیا کے مقامی ریسٹورنٹ میں استقبالیہ دیا گیا۔

اس موقع پر انھوں نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کرکٹ میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ابھی کیلی فورنیا کا دورہ کرکے آرہے ہیں۔ ان کا مشاہدہ ہے کہ پاکستانی ہر جگہ بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

انگلینڈ ٹیسٹ سریز کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ ٹیم کو معلوم ہونا چاہئے تھا کہ وہ انگلینڈ ہوم گراونڈ پر ٹیسٹ کھیلنے جا رہے ہیں، جہاں انگلینڈ کی ٹیم سے سخت مقابلے مقابلے کا سامنا ہوگا۔

بقول ان کے، ’’امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی بڑے شوق سے کرکٹ کھیل رہی ہے جہاں گیا وہاں میں نے بڑی اچھی کرکٹ دیکھی’’۔

محمد آصف نے پاکستان میں پی ایس ایل کے فروغ کے بعد ٹیسٹ میچوں کے لئے ٹیم کی تیاری نہ کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔

ان کے الفاظ میں، ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کے ساتھ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لیکن ان کا دوسرے ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ غلط تھا۔ انھیں اپنی باولنگ پر اعتماد کرنا چاہئے تھا‘‘۔

محمد آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلکشن کا معیار ہی پی ایس ایل بن گیا ہے تو وہاں ٹیسٹ میچ کے کھلاڑی کہاں سے ملیں گے۔ اگر ٹیسٹ میچز جیتنا ہے تو ملک میں گراس روٹ پر کرکٹ کو فروغ دینا ہوگا۔

محمد آصف نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوچکی ہے۔ توقع ہے کہ جلد بین الااقوامی کرکٹ شروع ہوگی۔ اور پاک بھارت کرکٹ بھی ہونی چاہئے کیونکہ یہ دونوں ممالک کے عوام کی خواہش ہے۔ لیکن، محض سیاست کی وجہ سے کرکٹ نہیں ہو رہی حالانکہ جب کبھی پاک بھارت کرکٹ ہوتی ہے پوری دنیا کی توجہ اس پر ہوتی ہے۔

جنوبی ایشیا اور ان ممالک سے جہاں کرکٹ کھیلی جاتی ہے ہجرت کرکے امریکہ میں آ بسنے والے یہاں بھی کرکٹ کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ ان کی سیکڑوں کی تعداد میں کرکٹ کلب قائم ہوچکے ہیں جن کے درمیان نہایت عمدہ معیار کی کرکٹ کھیلی جاتی ہے اور محمد آصف کو توقع ہے کہ جلد امریکہ میں بھی بین الااقوامی کرکٹ کا آغاز ہوگا۔

XS
SM
MD
LG