رسائی کے لنکس

دنیا بھر میں 81 کروڑ سے زائد افراد غذائی قلت کا شکار: اقوام متحدہ


اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں تنازعات اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل کی وجہ سے دنیا میں خوراک کی کمی کے شکار افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2016 ء میں دنیا بھر میں 81 کروڑ 50 لا کھ افراد کو مناسب غذا میسر نہیں تھی اور یہ تعداد 2015ءکے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہے۔

اس رپورٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار ایک گمبھیر صورت حال کی نشاندہی کرتے ہیں جو اس بات کا مظہر ہیں کہ ایک دہائی تک غذائی قلت سے متاثرہ افراد کی شرح کم سطح پر رہنے کے بعد ایک بار پھر اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے پانچ اداروں کی مشترکہ رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ غذائیت کی کمی دنیا بھر میں کروڑوں افراد کی صحت اور مستقبل کے لیے خطرہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق 15 کروڑ 50 لاکھ بچے ایسے ہیں جن کی جسمانی و ذہنی نشونما پر غذائیت کی کمی کی وجہ سے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جس کے باعث وہ باقی کی زندگی میں بھی ان اثرات سے دوچار رہیں گے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یعنی یونیسف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انتھونی لیک کا کہنا ہے کہ غذائیت کی قلت کی وجہ سے لاتعداد بچوں کی زندگیاں اور مستقبل مخدوش ہو سکتا ہے اور ان میں سے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار وہ ہیں جو تنازعات کے شکار علاقوں میں مقیم ہیں۔

لیک نے کہا کہ "نائیجیریا، صومالیہ، جنوبی سوڈان، یمن میں کروڑوں بچے ایسے ہیں جو طویل عرصے سے جاری تنازعات کی وجہ سے نشانہ بن رہے ہیں۔"

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں خواتین میں انیمیا یعنی خون کی کمی اورموٹاپے کا شکار بڑوں اور بچوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔

یہ مطالعاتی رپورٹ 2030ء تک بھوک اور غذئیت کے خاتمے سے متعلق اقوام متحدہ کی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے بارے میں کوئی امید افزا تاثر کا اظہار نہیں کرتی ہے۔

اس رپورٹ کے مصنفین کا کہنا ہے دنیا بھر کے ممالک کی حکومتوں کو غذائیت کی کمی کی سطح کو نیچے لانے اور صحت مند زندگی کے لیے کھانے پینے کی صحت مند عادات کے فروغ کے لیے اہداف مقرر کرنے کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG