افغانستان میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جمعرات کو فوج کا ہیلی کاپٹر ملک کے جنوبی علاقے میں گر کر تباہ ہونے سے 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ہیلی کاپٹر کے عملے کے پانچ افراد کے علاوہ 12 فوجی شامل ہیں۔
مقامی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ روسی ساختہ ایم-17 ہیلی کاپٹر تھا جو زابل صوبے کے شنکئے ضلع میں گر کر تباہ ہوا۔
افغانستان کی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ یہ حادثہ زابل صوبے میں ہوا تاہم عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اس کے بارے میں مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
اس سے قبل زابل کی صوبائی حکومت کے ترجمان گل اسلام نے کہا تھا کہ سامان کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والے ہیلی کاپٹر کو حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔
گزشتہ سال کے اواخر میں نیٹو فورسز کی طرف سے لڑاکا مشن ختم کرنے کے بعد افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور اب ملکی سکیورٹی کی ذمہ داری افغانستان کی سکیورٹی فورسز ہی سر انجام دے رہی ہیں۔