برطانوی اداکار جولین سینڈز، جو فلم ’اے روم ود اے ویو‘ میں اپنے کردار کے لیے مشہور ہیں، جنوبی کیلی فورنیا کے پہاڑی سلسلے میں ہائیکنگ یعنی پیدل سفر کے بعد کئی دنوں سے لاپتہ ہیں۔
مقبول اداکار کی اس طوفانی موسم میں گمشدگی پر ان کے ساتھیوں اور پرستاروں کی تشویش اور سلامتی سے واپسی کی دعائیں نیوز نیٹ ورکس اورسوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں۔
سی بی ایس نیوز نے ان کی ایک ہفتہ پہلے ہائکنگ کے لیے جانے کے بعدگم ہونے کی خبر کے ساتھ اس علاقے کی جھلکیاں بھی دکھائیں جہاں برف اور دشوار گزار صو رت حال کی وجہ سے عہدہ دار لوگوں کو وہاں جانے سے منع کر رہے ہیں۔
علاقے کی تلاش اور بچاؤ کی ٹیمیں انہیں تلاش کر رہی تھیں ، لیکن ان کی کوششوں کو اس وقت روک دیا گیا ہے کیونکہ طوفانوں کے ایک سلسلے نے دشوار گزار پگڈنڈیوں کو مزید خطر ناک بنادیا ہے اور برفانی تودوں کے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سینڈز ایک کہنہ مشق ہائیکر ہیں۔ اس چیز نے ان کی سلامتی کے ساتھ واپسی کی امیدوں کو قائم رکھا ہ ہوا ہے۔ ان کی ایک پرستار کی ٹوئٹر پر پوسٹ ایسے بہت سے پیغاموں میں سے ایک ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے اطلاع دی ہے کہ جب موسمی حالات اجازت دیں گے تو اداکار کی تلاش کے لیے ڈرون اور ہیلی کاپٹر استعمال کیے جائیں گے۔
سینڈز ، وارلاک، 1990 کی آراکنو فوبیا، 1991 کی نیکڈ لنچ، 1993 کی باکسنگ ہیلینا، اور 1995 کی لیونگ لاس ویگاس میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔
(رپورٹ وی او اے نیوز)