افغان افواج نے پیر کے روز شمالی صوبہٴ قندوز میں طالبان کے ایک مشتبہ اجتماع پر فضائی کارروائی کی، جس میں حکام کے مطابق، درجنوں ہلاکتیں واقع ہوئیں جن میں متعدد شہری بھی شامل ہیں۔
ایک مقامی پولیس اہل کار، عبدالحمید حمیدی نے بتایا ہے کہ یہ حملہ قندوز شہر کے باہر دشت آرچی ضلعے میں کیا گیا، جس کا ہدف مسلح طالبان تھے، جو کسی کارروائی کی تیاری میں تھے۔ اُن میں سے 15 ہلاک جب کہ 10 زخمی ہوئے۔
اُنھوں نے بتایا کہ پاکستانی شہر کوئٹہ میں قائم طالبان قیادت کی کونسل کا ایک نمائندہ وہاں موجود تھا، جب یہ فضائی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اُنھوں نے کہا کہ کئی ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں۔ لیکن، اُن کے پاس تفصیل موجود نہیں ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک مسجد نشانہ بنی جس میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد ہلاک و زخمی ہوئی۔
دشت آرچی کا زیادہ تر علاقہ طالبان عسکریت پسندوں کے زیر کنٹرول رہا ہے۔ حملے کی تفصیل غیر واضح ہے۔
تاہم، قندوز کے شہر سے تعلق رکھنے والے شعبہ صحت سے وابستہ اہل کاروں نے کہا ہے کہ پانچ ہلاک شدگان اور 40 زخمیوں کو شہر کے اسپتالوں میں لایا گیا ہے۔