رسائی کے لنکس

افغانستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی فتح، عمران خان کی ٹویٹر پر مبارکباد


افغانستان کے بیٹسمین رحمت شاہ اور احسان اللہ میچ کے دوران بات کر رہے ہیں۔
افغانستان کے بیٹسمین رحمت شاہ اور احسان اللہ میچ کے دوران بات کر رہے ہیں۔

ویب ڈیسک: افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف کھیلا گیا ٹیسٹ میچ سات وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ جس پر پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹویٹر پر پشتو، اردو اور انگریزی زبانوں میں ٹویٹ کے ذریعے افغانستان اور افغان کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

عمران خان نے ٹویٹ میں کہا، ’’میں افغانستان کرکٹ ٹیم کو پہلا ٹیسٹ جیتنے پر مبارک دیتا ہوں۔ میں افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے اتنے کم وقت میں اتنی بڑی کامیابی حاصل کی۔‘‘

اس ٹیسٹ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آئرلینڈ کی پوری ٹیم 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آئرلینڈ کی طرف سے صرف مرتغ قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کر پائے۔ اُنہوں نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

اس کے جواب میں افغانستان کی ٹیم نے 314 رنز بنائے۔ رحمت شاہ 98 ، کپتان اصغر افغان 67، حشمت اللہ شہیدی 61 اور اوپنر محمد شہزاد 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آئرلینڈ کی طرف سے ٹامسن نے تین اور ڈاک ریل، کیمرون ڈاؤ اور میک براؤن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آئر لینڈ نے اپنی دوسری اننگ میں نسبتاً بہتر کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 288 رنز بنائے۔ بلبیرنی اور اوبرائن نمایاں بیٹسمین رہے جنہوں بالترتیب 82 اور 56 رنز بنائے۔

یوں افغانستان کو اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ جیتنے کیلئے صرف 147 رنز درکار تھے جو اُس نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لئے۔ رحمت شاہ نے 76 اور احسان اللہ نے 65 رنز بنائے۔

اس میچ کی دونوں اننگز میں افغانستان کے بیٹسمین رحمت شاہ نے شاندار کاکرکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اُنہوں نے پہلی اننگ میں 98 رنز بنائے اور صرف دو رنز کے فرق سے سنچری بنانے سے محروم رہے۔ دوسری اننگ میں بھی اُنہوں نے 13 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔

یہ افغانستان کی کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہے۔ اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کا درجہ حاصل کرنے کے بعد افغانستان نے اپنا اولین ٹیسٹ میچ بھارت کے خلاف کھیلا تھا جس میں وہ اپنے سے کہیں زیادہ تجربہ کار بھارتی کرکٹ ٹیم سے شکست کھا گیا تھا۔

بھارت کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے 277 دن بعد افغانستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG