رسائی کے لنکس

افغانستان: شورش پسندوں کے حملے میں چار جرمن فوجی ہلاک


افغانستان میں نیٹو کے سپاہی
افغانستان میں نیٹو کے سپاہی

افغان شورش پسندوں نے شمالی صوبے بغلان میں گھات لگا کر کیے جانے والے ایک حملے میں چار جرمن فوجیوں کو ہلاک اور پانچ دوسروں کو زخمی کردیا۔

جرمنی کی وزارت دفاع نے کہاہے کہ عسکریت پسندوں نے جمعرات کے روز گشت پرمامور جرمن فوجیوں پر راکٹوں سے حملہ کیا۔ ان ہلاکتوں کے نتیجے میں افغانستان میں 2002ء سے اب تک ہلاک ہونے والے جرمن فوجیوں کی تعداد کم ازکم 43 ہوگئی ہے۔

افغان عہدے داروں کا کہنا ہے کہ تشدد کے ایک اور واقعہ میں جنوبی شہر قندھار میں ایک ہوٹل کے نزدیک کار بم دھماکا ہوا جس میں کم ازکم چھ افرادزخمی ہوگئے۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ دھماکے سے ہوٹل کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب کھڑی ہوئی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ فوری طورپر مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں۔

ایک اور خبر کے مطابق انٹرنیشنل ریڈ کراس کمیٹی نے کہا ہے کہ اس سال طالبان کے ہاتھوں ہونے والے سڑک کنارے نصب بم دھماکوں میں عام افغان شہریوں کی ہلاکتوں میں نمایاں اضافہ ہواہے۔

جمعرات کے روز جاری ہونےو الی آئی سی آرسی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افغانستان کے علاقے قندھار کے ایک اسپتال کے اعداد وشمار کے مطابق 2010ء کے پہلے دو مہینوں کے دوران پچھلے سال کے اسی عرصے مقابلے میں اس تعداد میں 40 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG