کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لئے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو بھارتی اسپانسر مل گیا ہے۔ بھارت کی ڈیری مصنوعات بنانے والی کمپنی افغان ٹیم کو اسپانسر کرے گی۔
انگلینڈ اور ویلز میں کھیلے جانے والے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ میں افغانستان کی ٹیم یکم جون کو آسٹریلیا سے مقابلہ کرے گی۔
بھارتی ڈیری کمپنی ’امول‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر آر ایس سودھی کا کہنا ہے کہ "امول مرکزی اسپانسر ہوگی۔ معاہدے کے مطابق افغان ٹیم کی جرسی پر کمپنی کا لوگو نمایاں ہو گا۔"
اُن کا کہنا ہے کہ " کرکٹ ٹیم کے لئے یہ ہماری پہلی اسپانسرشپ ہے ہمیں کافی امیدیں ہیں دیکھتے ہیں سب کچھ کیسا رہتا ہے۔"
بھارت کی مدد سے افغانستان میں اسٹیڈیمز تعمیر
افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسد اللہ خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کرکٹ مقبول ترین کھیل ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ اور حکومت ہماری مدد کررہی ہے یہ اچھا موقع ہے جو امن کے لئے بھی مدد گار ثابت ہوگا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ"بھارت اور اُس کا سفارتخانہ ہماری مدد کررہا ہے وہ قندھار میں گراؤنڈ بنارہے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق 10 لاکھ ڈالر بھارتی گرانٹ سے قندھار میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جارہا ہے۔ جس میں 14 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی جبکہ بھارت بلخ میں بھی اسٹیڈیم تعمیر کررہا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل اورلاجسٹک سپورٹ
بھارت نے افغان ٹیم کو نوئیڈا اور دہراد دون میں دو"ہوم گراؤنڈز" بھی فراہم کیے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ کھلاڑیوں اور افغان کرکٹ بورڈ کو ٹیکنیکل اور لاجسٹک سپورٹ بھی مہیا کر رہا ہے۔
افغان ٹیم 24 مئی کو پاکستان اور 27 مئی کو انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔