رسائی کے لنکس

افغانستان: غیر ملکی خواتین صحافیوں پر حملہ، ایک ہلاک


خوست کے گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آور پولیس کا اہلکار تھا جس نے ان دونوں خواتین صحافیوں کو ضلع تانی میں گولیوں کا نشانہ بنایا۔

افغانستان کے مشرقی صوبے خوست میں دو غیر ملکی خواتین صحافیوں پر جمعہ کو ایک پولیس اہلکار نے فائرنگ کی جس سے ایک صحافی موقع پر ہی ہلاک ہو گئی جب کہ دوسری کو شدید زخم آئے۔

فائرنگ سے ہلاک ہونے والی اڑتالیس سالہ انجینا نائیدرنگہاس ایوارڈ یافتہ فوٹو جرنلسٹ تھیں اور اُن کا تعلق جرمنی سے تھا جب کہ زخمی ہونے والی صحافی کا نام کیتھی گینن ہے۔ یہ دونوں خواتین صحافی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے منسلک تھیں۔

حکام نے فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے لیکن اس حملے کے مقاصد کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

صوبہ خوست کے گورنر کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ’’نقیب اللہ نامی پولیس اہلکار نے خوست کے ضلع تانی میں دو غیر ملکی خواتین صحافیوں پر فائرنگ کی جس سے ایک ہلاک اور ایک زخمی ہو گئی۔‘‘

افغانستان کا صوبہ خوست پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ حکام کے مطابق دونوں خواتین صحافی الیکشن کمیشن کی جانب سے بیلٹ پیپرز کی تقسیم سے متعلق خبر کے لیے جا رہی تھیں۔

افغانستان میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران صحافیوں پر یہ تیسرا مہلک حملہ ہے۔ 11 مارچ کو ایک سویڈش صحافی جب کہ اس کچھ روز بعد فرانسیسی خبر رساں ادارے سے منسلک افغان صحافی سردار احمد کو دو کم سن بیٹوں کے ہمراہ کابل کے ایک ہوٹل پر حملے کے دوران ہلاک کیا گیا۔

خوست کے علاقے میں خواتین صحافیوں پر یہ حملہ ایسے وقت ہوا جب افغانستان میں پانچ اپریل کو صدارتی انتخابات ہونا ہیں۔

طالبان نے صدارتی انتخابات میں رخنہ ڈالنے کا اعلان کرتے ہوئے دھمکی دے رکھی ہے انتخابی عمل کا حصہ بننے والوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

حالیہ دنوں میں طالبان نے دارالحکومت کابل کے حساس علاقے میں اہم مقامات خاص طور پر الیکشن کمیشن کے صدر دفتر پر حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

انتخابات کے دوران قیام امن کے لیے افغان حکومت نے لگ بھگ دو لاکھ فوجی اہلکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں پولیس اور دیگر فورسز کے اہلکار تعینات کر رکھے ہیں۔

صدارتی انتخابات میں آٹھ اُمیدوار میدان میں ہیں تاہم تین اُمیدواروں عبد اللہ عبد اللہ، زلمے رسول اور اشرف غنی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعرات کو کہا تھا کہ پاکستان افغانستان میں صدارتی انتخابات کے دوران سرحد پر نگرانی سخت رکھے گا۔
XS
SM
MD
LG