صوبہٴ ہیرات میں بھارت کی فراہم کردہ 29 کروڑ ڈالر کی امداد سے مکمل ہونے والے سلمہ ڈیم کا ہفتے کے روز افتتاح ہو رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ دورہٴ افغانستان پر آئے ہوئے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی موجود ہوں گے۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق، منصوبے کو حکومتِ بھارت کی وزارتِ آبی وسائل سے منسلک ایک ادارے، ’ڈبلیو اے پی سی او ایس لمیٹڈ‘ کی مدد سے مکمل کیا گیا ہے۔
اِس کثیر مقاصد ڈیم سے 42 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، جب کہ 75000ہیکٹرز کے قطعہٴ زمین کی آبپاشی ممکن ہوگی؛ جب کہ پینے کا پانی میسر آئے گا، جس سے افغانستان کے عوام کو استفادہ کرنے میں مدد ملے گی۔
سلمہ ڈیم کا منصوبہ افغانستان کے صوبہٴ ہیرات میں چشتِ شریف دریا پر تعمیر کیا گیا ہے۔
وزارتِ آبی وسائل کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ ہیرات کے قصبے سے 165 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے، جہاں مٹی کی سادہ سڑک سے پہنچا جا سکتا ہے۔
سکیورٹی وجوہ کی بنا پر، منصوبے سے وابستہ بھارتی انجنیئر اور تکنیکی عملہ ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے ہر ماہ ایک بار تنصیب پر قیام کرتا رہا ہے، جو سہولت حکومت افغانستان کی جانب سے فراہم کی جاتی رہی ہے۔