افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ اس کا ایک ہیلی کاپٹرملک کے مشرقی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تاہم اس پر سوار دونوں افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ صوبہ کپیسا میں ہفتے کو پیش آیا۔ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر کوئی اور بھی سوار تھا یا نہیں۔اتحادی افواج کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
نیٹو اور افغان حکومت ملک کے مختلف علاقوں میں سامان رسد پہنچانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہیں کیونکہ زیادہ تر علاقے خطرناک پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہیں اور سڑکوں کی حالت بہتر نہیں ۔
گذشتہ سال ستمبر میں جنوبی افغانستان کے صوبہ زابل میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں نو امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے ۔ مئی 2006ء میں دس امریکی فوجی اس وقت ہلاک ہوئے جب ایک شنوک ہیلی کاپٹر رات کے وقت صوبہ کنڑ میں اترتے ہوئے تباہ ہوگیا تھا۔
دریں اثنا پولیس حکام کے مطابق ہفتے کو ننگرہار صوبے میں پولیس کی ایک گاڑی پر شدت پسندوں نے حملہ کرکے دو اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔