رسائی کے لنکس

قندھار میں طالبان کےخلاف بڑا حملہ شروع ہوگیا: امریکی محکمہ دفاع


قندھار میں طالبان کےخلاف بڑا حملہ شروع ہوگیا: امریکی محکمہ دفاع
قندھار میں طالبان کےخلاف بڑا حملہ شروع ہوگیا: امریکی محکمہ دفاع

فوج طالبان کے اُن اعلی درجے اوردرمیانے درجے کے جنگجوؤں کابھی صفایا کررہی ہے،جنہوں نے قندھار میں قدم جما رکھے ہیں

امریکہ کے محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ جنوبی افغانستان میں طالبان کے مضبوط گڑھ قندھار پر کنٹرول قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

پینٹےگان کے پریس سیکریٹری جیوف مورَیل نے منگل کے روز کہا ہے کہ امریکی فوج قندھار میں طالبان کے خلاف کئى مہینوں سے کسی بڑے حملے کی تیاری کررہی تھی۔

مورَیل نے کہا ہے خصوصی کارروائیوں کے لیے امریکی دستے شہر کو آنے جانے والی سڑکوں کو محفوظ بنا رہے ہیں اور وہ اُن قبائیلی لوگوں سے بھی رابطے قائم کررہے ہیں ، جو قبائیلی لیڈروں کی شوریٰ کے جلسوں کا اہتمام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ فوج طالبان کے اُن اعلی درجے اور درمیانے درجے کے جنگجوؤں کا بھی صفایا کررہی ہے، جنہوں نے قندھار میں قدم جما رکھے ہیں۔

پیر کے روز امریکی عہدے داروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ کہا تھا کہ بین الاقوامی فوجیں افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں طالبان کے خلاف جون میں کوئى بڑا حملہ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ اور اس کارروائى کا مقصد اگست میں رمضان المبارک کے شروع ہونے سے پہلے طالبان کو قندھار شہر سے نکال باہر کرنا ہے۔

برابر کے صوبے ہلمند میں اسی قسم کی ایک بڑی کارروائی کے بعد نیٹو کی فوجیں اب اُس علاقے پر اپنے کنٹرول کو مستحکم کرنے کے لیے کام کررہی ہیں، جس پر پہلے طالبان کا قبضہ تھا۔توقع ہے کہ صوبہ قندھار میں فوجی کارروائى ہلمند کی کارروائى سے کہیں زیادہ بڑی ہوگی۔

XS
SM
MD
LG