افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ امریکہ اور دیگر بین الاقوامی قوتیں افغانستان میں جاری دس سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان سے بات چیت کر رہی ہیں۔
یہ بات انھوں نے ہفتے کو دارالحکومت کابل میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ صدر کرزئی کا کہنا تھا ”غیر ملکی طاقتیں اور خصوصاً امریکہ“ یہ بات چیت کررہی ہیں۔
مسٹر کرزئی کی طرف سے اس بیان میں پہلی بار سرکاری سطح پر اس طرح کے مذاکرات میں امریکہ کی شمولیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
کابل میں امریکی سفارتخانے نے صدر کرزئی کے اس بیان پر فوری طور پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
رواں ہفتے کے اوائل میں امریکی صدر براک اوباما نے افغانستان سے امریکی فوجوں کے حتمی انخلا کے بارے میں بات چیت کے لیے جنرل ڈیوڈ پیٹریاس سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ انھوں نے ”کثیرالجہتی“ پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر اوباما رواں سال جولائی سے افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلا کے آغاز کا اعلان کرچکے ہیں جب کہ 2014ء کے آخر تک تمام لڑاکا امریکی فوجی ملک سے نکل جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1