افغان حکام نے کہا ہے کہ طالبان شدت پسندوں کی جانب سے پولیس چوکیوں پر کیے گئے دو مختلف حملوں میں افغان پولیس کے 12 اہلکار ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق پہلا واقعہ بدھ کو علی الصباح دارالحکومت کابل سے 120 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع قاراباغ نامی ضلع میں پیش آیا جہاں ایک چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چھ پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
اتوار کے روز بھی طالبان نے اسی ضلع میں واقع ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے تین پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا تھا۔
بدھ کے روز پیش آنے والے دوسرے واقعے میں افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں ایک چوکی پر کیے گئے خود کش حملے کے نتیجے میں چھ پولیس اہلکار ہلاک یا زخمی ہوگئے۔ دھماکہ کے بعد مسلح شدت پسندوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔
اس سے قبل گزشتہ روز افغانستان کے وسطی صوبہ پاروان کے گورنر کے دفاتر کے باہر ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ حکام کے مطابق حملے میں صوبائی گورنر محفوظ رہے تھے۔ مذکورہ حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔
قبل ازیں نیٹو نے اعلان کیا تھا کہ منگل کے روز جنوبی افغانستان میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک اتحادی فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔ حالیہ مہینوں کے دوران طالبان کی جانب سے سرکاری حکام،افغان اور نیٹو سکیورٹی فورسز پر حملوں میں تیزی آئی ہے۔