رسائی کے لنکس

آفریدی کا ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


فائل
فائل

آفریدی کا کہنا تھا کہ آئندہ سال فروری میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد ان کا ارادہ ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ پر مرکوز کریں گے۔

پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ سال ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ میچوں سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔

اتوار کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ آئندہ سال فروری میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد ان کا ارادہ ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ پر مرکوز کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک روزہ کرکٹ میچوں سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا ہدف 2016ء میں بھارت میں ہونے والا 'ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ' ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہد آفریدی کو ٹی20 کی قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے آفریدی نے کہا کہ وہ پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جو اپنے کیرئر کے اچھے وقت میں باقاعدہ اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے بڑے کھلاڑیوں کو پیش آنے والے مسائل کے سبب ان کی ہمیشہ سے یہ خواہش تھی کہ انہیں کسی تنازع میں پڑے بغیر احسن انداز سے ریٹائرمنٹ لینے کا موقع مل سکے۔

آفریدی نے کہا کہ وہ ایک روزہ کرکٹ کو عزتِ نفس کے ساتھ اس طرح الوداع کہنا چاہتے ہیں جب ان کے شائقین ان سے مزید کھیلنے کی توقع کر رہے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اپنے فیصلے سے ٹیم منیجمنٹ کو تو آگاہ کردیا ہے لیکن تاحال کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کو مطلع نہیں کیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ آل راؤنڈر 389 ایک روزہ بین الاقوامی، 27 ٹیسٹ اور 77 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ایک روزہ میچوں میں 400 وکٹیں حاصل کرنے اور آٹھ ہزار رنز اسکور کرنے کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

آفریدی اب تک ایک روزہ میچوں میں 391 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جب کہ انہوں نے 7870 رنز اسکور کیے ہیں۔

شاہد آفریدی نے صحافیوں کو بتایا کہ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد ان کے سر سے ایک بڑا بوجھ اتر گیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس کےبعد وہ ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر تمام توجہ مرکوز کرسکیں گے۔

یاد رہے کہ آفریدی نے 2010ء میں آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ کی سرزمین پر کھیلی جانے والی سیریز کے دوران ٹیسٹ میچوں سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

XS
SM
MD
LG