رسائی کے لنکس

علی ظفر کی لائیو پرفارمنس، حاضرین پر سحر طاری


انٹرنیشنل سیلبریٹیز کے کنسرٹس میں یہ نظارہ عام ہوتا ہے کہ شائقین اپنے فیورٹ اسٹارز کو اسٹیج چھوڑنے نہیں دیتے۔ لیکن، علی کی جاندار اور دھواں دار پرفارمنس نے وہ سماں باندھا کہ ایک سحر سا طاری ہوگیا

سنگر اور ایکٹر علی ظفر کی شہرت اب سرحدوں کی قید سے آزاد ہو چکی ہے جس کا ثبوت ہے سنگاپور میں ہونے والا میوزک کنسرٹ جس میں علی ظفر کی پرفارمنس نے بہت سے انٹرنیشنل آرٹسٹوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

انسائیکلو میڈیا پی آر کی پبلسسٹ، ماہین خان نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ، ’علی ظفر ایکٹنگ ہو یا سنگنگ ہر فیلڈ میں انتھک محنت کے عادی ہیں۔ اگر وہ میوزک کی فیلڈ میں کچھ وقفہ لیتے ہیں تو ایکٹنگ میں مصروف ہوتے ہیں۔‘

ماہین کے مطابق، ’ان دِنوں، وہ میوزک کو زیادہ وقت دے رہے ہیں اور سنگاپور کنسرٹ اس کی واضح مثال ہے۔ یہ کنسرٹ علی کے لئے بہت اہم ’میوزک اسائنمنٹ‘ ثابت ہوا، جسے علی نے کچھ ایسے نبھایا کہ کنسرٹ میں موجود سیکڑوں میوزک لورز بے ساختہ ناچنے گانے اورجھومنے پر مجبور ہوگئے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’انٹرنیشنل سیلبریٹیز کے کنسرٹس میں یہ نظارہ عام ہوتا ہے کہ شائقین اپنے فیورٹ اسٹارز کو اسٹیج چھوڑنے نہیں دیتے۔ لیکن، علی کی جاندار اوردھواں دار پرفارمنس نے وہ سماں باندھا کہ ایک سحر سا طاری ہوگیا۔ پروگرام کے اختتام پر بھی لوگ انہیں مزید سننے کے خواہشمند تھے۔ کسی ایشیائی آرٹسٹ کے لئے ایسی مثال کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔‘

طے شدہ پروگرام کے مطابق، علی کو 45منٹ پرفارم کرکے 20منٹ کا وقفہ لینا تھا اور پھر45 منٹ پرفارم کرنا تھا۔ لیکن، عوام کے بے حد اصرار اور والہانہ محبت میں علی نے مسلسل دو گھنٹے تک اپنی آواز اور پرفارمنس سے سب کے دل موہ لئے۔

XS
SM
MD
LG