کراچی: پاکستانی پوپ سنگر اور ایکٹر علی ظفر اور ’کوک اسٹوڈیو‘ کا پرانا ساتھ ہے۔ علی نے جب جب پرفارم کیا، میوزک لورز نے پذیرائی بخشی اور علی کے کام کو سراہا۔
گزشتہ روز ختم ہونے والا ’کوک اسٹوڈیو سیزن8‘ اپنی پروڈکشن اور نئے اور پرانے گانوں کے انتخاب اور پیشکش کے حوالے سے نہایت کامیاب رہا۔ اس سیزن میں علی ظفر نے تین مختلف انداز کے گانے اپنے منفرد انداز میں پیش کرکے اپنی ورسٹالٹی ایک بار پھر ثابت کردی۔
علی ظفر کاسیزن میں پہلا گانا ’راک اسٹار‘ تھا جس میں علی نے نہ صرف اپنی گائیکی کے ذریعے بلکہ اپنے اسٹائل اورگیٹ اپ سے بھی راک اسٹار کی بخوبی عکاسی کی۔
مایہ ناز پاکستانی گلوکار سلیم رضا کا مشہورگانا ’اے دل‘ علی ظفر نے سارہ حیدر کے ساتھ رومینٹک انداز میں گا کر سلیم رضا کو خوبصورت ٹری بیوٹ پیش کیا۔
پبلسٹی فرم انسا ئیکلومیڈیا کی سحر اقبال نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ سیزن ایٹ کے لئے علی ظفر نے دو اوریجنل گانے خصوصی طور پر تیار کئے تھے۔ ایک ’راک اسٹار‘ اور دوسرا ’اج دن ویہٹرے وچ۔۔‘
’اج دن ویہڑے وچ ‘پنجابی زبان کا صوفی گانا ہے، جس کی شاعری اداکار شہنواز زیدی نے کی ہے۔ علی ظفر نے گانے کے درمیان کلاسک شاعر مرزا غالب کا کلام اپنی گمبھیر آواز میں پڑھ کر اسے مزید پراثر بنا دیا ہے۔
گائیکی کے مختلف انداز میں اپنی مہارت ثابت کرنے والے علی ظفر کو کراچی میں ہونے والے کارا وڈ فلم فیسٹول میں ملک کے موسٹ ورسٹائل آرٹسٹ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
کوک اسٹوڈیو سیزن8 کی آخری ایپی سوڈ میں سیج، ایلزا ڈیائس، ملنگ پارٹی کے ساتھ ملکہ غزل فریدہ خانم نے شرکت کی۔