رسائی کے لنکس

علی ظفر نئے گانوں اور اسٹائل کے ساتھ ’راک اسٹار‘ بن گئے


کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں علی ظفر نے ’راک‘، ’جاز‘ اور پنجابی میں صوفیانہ کلام گا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔ ہر گانے میں ان کی گائیکی اور اسٹائل ایک دوسرے سے بالکل مختلف نظر آتی ہے

سنگر اور ایکڑ علی ظفر اپنے شائقین کو خوش کرنے کے لئے ہر وقت کچھ نہ کچھ نیا کرتے رہتے ہیں؛ اور ’کوک اسٹوڈیو سیزن8‘ کے لئے ایک بار پھر علی ظفر نے جو اسٹائل اپنایا ہے وہ یقیناً دیکھنے والوں کو بہت اچھا لگے گا۔

اس نئے سیزن میں علی نے نہ صرف اپنا اسٹائل بدلا ہے، بلکہ انہوں نے اپنی گائیکی کے بھی مختلف رنگ پیش کئے ہیں۔

اس حوالے سے پبلسٹی فرم ’انسائیکلو میڈیا پی آر‘ کی عہدیدار عمارہ حکمت نے وائس آف امریکہ کو بتایا ’کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں علی ظفر نے ’راک’، ’جاز‘ اور پنجابی میں صوفیانہ کلام گا کر سب کو حیران کر دیا۔ ہر گانے میں ان کی گائیکی اور اسٹائل ایک دوسرے سے بالکل مختلف نظر آتی ہے‘۔

علی ظفر کا پہلا گانا ’راک اسٹار‘ کسی سپراسٹار کی زندگی کی جھلک دکھاتا ہے، جبکہ دیگر دونوں گانوں کو بھی علی نے اپنے مخصوص منجھے ہوئے انداز میں پیش کیا ہے۔

علی ظفر سنگر اور ایکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ اسٹائل آئیکون کی حیثیت سے بھی اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔

کوک اسٹوڈیو کے تینوں گانوں کے لئے علی ظفر کی وارڈروب معروف ڈیزائنر علی ذیشان نے تیار کی ہے۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 1میں علی ظفر نے سائیں طفیل کے ساتھ ’داستان عشق‘، ’نہیں رے نہیں‘ اور ’یار ڈاڈھی‘ گائے تھے اور تینوں ہی گانوں نے بہت مقبولیت حاصل کی تھی۔ ’یار ڈاڈھی‘ مرحوم استاد محمد جمن کی تخلیق تھی، جن کی طرز اور گائیکی یکتا اور لازوال خیال کی جاتی ہے۔

پوپ میوزک سے صوفیانہ موسیقی تک کا سفر علی نے بہت خوبی سے طے کیا اور اپنے فینز کی تعداد میں اضافہ بھی کیا۔ ان فینز میں بھارت کے میگا اسٹار امیتابھ بچن بھی شامل ہیں۔

بالی وڈ کے اس معرکة الآرا اسٹار نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ ’بیماری کے دنوں میں، میں علی ظفر کا گانا ’یار ڈھاڈی‘ سنا کرتا تھا اور سچ پوچھئے تو اسی گانے سے گویا مجھے صحت ملی۔‘

XS
SM
MD
LG