رسائی کے لنکس

علی ظفر حقیقی ہیرو، اسکوائش کھلاڑی کا کیریئر بنادیا


علی ظفرکو جب یہ معلوم ہوا کہ پاکستان انڈر 17 کی اسکوائش کھلاڑی محض پیسے نہ ہونے کی وجہ سے انٹرنیشنل ٹورنمنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گی، تو علی نے اس نوجوان کھلاڑی کے تمام تر اخراجات اٹھانے کا ذمہ اپنے سر لے لیا

پاکستانی ایکٹر اور سنگر علی ظفر سنیما اسکوپ کے ہیرو تو ہیں ہی۔۔۔ لوگوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کرنے کی وجہ سے حقیقی زندگی میں بھی ہیرو ہیں۔ اس بار انہوں نے پشاور سے تعلق رکھنے والی اسکوائش کی ایک کھلاڑی کی مدد کرکے ایک انوکھی مثال قائم کردی۔

پبلسٹی فرم انسائیکلو میڈیا کی سحر اقبال نے ’وائس آف امریکا‘ سے بات چیت میں بتایا کہ علی ظفرکو جب یہ معلوم ہوا کہ پاکستان انڈر 17 کی اسکوائش کھلاڑی محض پیسے نہ ہونے کی وجہ سے انٹرنیشنل ٹورنمنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گی تو علی نے اس نوجوان کھلاڑی کے تمام تراخراجات اٹھانے کا ذمہ اپنے سر لے لیا۔

پشاور سے تعلق رکھنے والی نورینا شمس کی شدید خواہش تھی کہ وہ ایشین اسکوائش ٹورنمنٹ میں حصہ لیں۔ لیکن، ان کواپنی امیدیں اس وقت خاک میں ملتی نظر آئیں جب متوقع اسپانسر نے نورینا کے ٹورنمنٹ میں شرکت کے اخراجات اٹھانے سے صاف انکار کر دیا۔ اس موقع پر علی ظفر نے ہیرو کی طرح اینٹری دی اور نورینا کا تمام خرچا اٹھانے کا اعلان کیا۔

علی ظفرکو نورینا کے حالات کی اطلاع ایک ٹیم ممبر سے ملی تھی۔اسٹارڈم کی بلندیوں پر ہوتے ہوئے بھی علی نے اپنی روایتی منکسرالمزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نورینا سے خود رابطہ کیا اوران کے اخراجات برداشت کرنے کی خواہش ظاہرکی۔

او لیول کی طالبہ 16سالہ نورینا سے جب علی ظفر نے رابطہ کیا تو انہیں پہلے تو یقین ہی نہیں آیا کہ وہ اپنے فیورٹ سلیبرٹی سے بات کر رہی ہیں پھر وہ خوشی سے رونے لگیں۔

علینا کا کہنا تھا کہ ’اسپانسرکے منع کرنے کے بعد مجھے لگا میرا اسکوائش کیرئیر ختم ہوگیا۔ میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ اسکرین کے ہیرو علی ظفر حقیقی ہیرو ثابت ہوں گے۔ میں خوش ہوں کہ میرا خواب پورا ہوگیا۔ اللہ نے میری مدد کے لئے فرشتہ بھیج دیا۔‘

نورینا ایشیا کی انڈر19 خواتین کی کیٹگری میں تیسرے نمبر پر ہیں اور پاکستان کی سب سے کم عمر اولمپئین ہیں۔

XS
SM
MD
LG