رسائی کے لنکس

گلوبل وارمنگ: ایمیزون کے مالک کا 10 ارب ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان


ای کامرس کی معروف کمپنی ایمیزون کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس۔ (فائل فوٹو)
ای کامرس کی معروف کمپنی ایمیزون کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس۔ (فائل فوٹو)

ای کامرس کی معروف کمپنی ایمیزون کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کے لیے 10 ارب ڈالر عطیہ کریں گے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق جیف بیزوس نے اس عزم کا اظہار اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا۔ بیزوس کے انسٹاگرام پر 14 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔

پیر کو اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کی فاؤنڈیشن سائنس دانوں، ماحولیاتی کارکنوں، غیر سرکاری تنظیموں اور کوئی بھی ایسی کوشش جس سے دنیا کے قدرتی ماحول کو تحفظ دیا جا سکے، اس کی مالی امداد کرے گی۔

بیزوس نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں ہمارے سیارے کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ "میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے رائج طریقوں کے مطابق اور نئے طریقوں کی تلاش کے لیے لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں۔"

جیف بیزوس نے کہا کہ ان کی نئی فاؤنڈیشن امداد کا اجرا رواں سال موسم گرما سے شروع کر دے گی۔

خیال رہے کہ جیف بیزوس کی دولت 130 ارب ڈالرز کے لگ بھگ ہے اور وہ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ ان کی کمپنی 'ایمیزون' کا شمار دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنیوں میں ہوتا ہے۔

ایمیزون پر یہ تنقید کی جاتی رہی ہے کہ وہ اپنے سامان کی ترسیل کے لیے ایسا پیکنگ مٹیریل استعمال کرتے ہیں جو بڑے پیمانے پر کچرا پھیلانے کا سبب بنتا ہے۔ کمپنی جن ٹرکوں کو سامان کی ترسیل کے لیے استعمال کرتی ہے وہ ماحول دشمن گیسوں کے اخراج اور آلودگی پھیلانے کا بھی سبب بن رہے ہیں۔

گزشتہ ستمبر میں جیف بیزوس نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2040 تک اپنی کمپنی کو کاربن کے اخراج سے مکمل پاک کر دیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی بجلی سے چلنے والے ایک لاکھ ٹرکوں کا آرڈر دے گی جو سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہوں گے۔

دوسری جانب ایک امریکی اخبار 'نیو یارک ٹائمز' کا کہنا ہے کہ اگر جیف بیزوس اپنے وعدے کے مطابق 10 ارب ڈالر عطیہ بھی کر دیں تو بھی وہ دنیا کے امیر ترین شخص ہی رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG