امریکہ کی تیراک کیٹی لیڈیکی نے ریو اولمپکس میں خواتین کی 800 میٹر فری اسٹائل مقابلے میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سونے کا ایک اور تمغہ حاصل کر لیا جبکہ مایہ ناز امریکی تیراک مائیکل فلپس کو 100 میٹر بٹرفلائی مقابلوں میں سنگاپور کے تیراک سے اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
لیڈیکی اپنی ہم وطن ڈیبی مئیر کے بعد پہلی تیراک بن گئی ہیں جنہوں نے ایک ہی اولمپکس مقابلوں کے دوران 200، 400 اور 800 میٹر کے فری اسٹائل ایونٹس میں طلائی تمغہ جیتا۔ ڈیبی نے یہ اعزاز 1968ء میں حاصل کیا تھا۔
جمعہ کو ہونے والے مقابلے میں لیڈیکی نے 800 میٹر فری اسٹائل تیراکی میں یہ فاصلہ آٹھ منٹ 4.79 سیکنڈ میں طے کیا اور اپنے ہی سابقہ عالمی ریکارڈ کو دو سیکنڈ کے فرق سے بہتر کیا۔
اس سے قبل سنگاپور کے جوزف سکولنگ نے مردوں کے 100 میٹر بٹر فلائی تیراکی مقابلے میں اپنے وطن کے لیے اولمپکس کی تاریخ کا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا۔
امریکی تیراک فلپس دیگر دو تیراکوں جنوبی افریقہ کے چاڈ لی کلوز اور ہنگری کے لیزلو چیک کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور چاندی کا تمغہ حاصل کر سکے۔
اولمپکس کے ایتھلیٹکس مقابلوں کا آغاز بھی ہو گیا جس میں ایتھوپیا کی الماز ایانا نے خواتین کی 1000 میٹر دوڑ کا مقابلہ 29 منٹ اور 17.45 سیکنڈ میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا اور سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
23 سالہ ایانا نے 14 سیکنڈ کے فرق سے یہ ریکارڈ توڑا۔
ٹینس کے مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں اسپین کے رافیل نڈال اور ان کے ساتھی مارک لوپز نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ امریکی جوڑی اسٹیو جانسن اور جیک سوک کانسی کا تمغہ حاصل کر سکے۔
ایران کے کیانوش رستمی نے ویٹ لفٹنگ کے 85 کلوگرام مقابلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
ریو اولمپکس کے میڈل ٹیبل پر امریکہ بدستور سرفہرست ہے جب کہ چین دوسرے اور جاپان تیسرے نمبر پر ہے۔