رسائی کے لنکس

حکومت صرف امریکہ میں تیار ہونے والے پرچم خریدے گی، امریکی کانگریس سے بل منظور


  • امریکہ ہر سال لاکھوں قومی پرچم درآمد کرتا ہے جن میں سے زیادہ تر چین سے منگوائے جاتے ہیں۔
  • کانگریس سے منظور ہونے والے بل میں وفاقی حکومت کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ صرف امریکہ میں تیار ہونے والے پرچم خریدے گی۔

ویب ڈیسک امریکی کانگریس نے حال ہی میں ایک بل کی منظوری دی ہے جس کے مطابق وفاقی حکومت مکمل طور پر امریکہ میں تیار ہونے والے پرچم خریدنے کی پابند ہو گی۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق امریکہ میں ہر سال لاکھوں امریکی پرچم درآمد کیے جاتے ہیں جن میں سے اکثر چین سے منگوائے جاتے ہیں۔ امریکہ کی کانگریس میں پرچموں کی خریداری سے متعلق قواعد میں تبدیلی کا بل لانے والے ارکان کا کہنا ہے وقت آ پہنچا ہے کہ امریکہ کی نمائندگی انہیں پرچموں سے ہو جو یہاں تیار کیے جاتے ہیں۔

ریاست مین سے ری پبلکن سینیٹر سوسن کولنز اور اوہائیو سے ڈیموکریٹک سینیٹر شرڈو براؤن اس بل کو متعارف کرانے والے والے قانون سازوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔

ان قانون سازوں کا مؤقف ہے کہ قومی پرچم سے متعلق قانون سازی صرف علامتی طور پر اہم نہیں بلکہ قومی شناخت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اس سے امریکہ میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

سینیٹر کولنز کا کہنا ہے کہ امریکی پرچم ہماری شناخت، عزم اور اقدار کی علامت ہے۔ قومی پرچم کی اہمیت کا احترام کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو صرف وہی پرچم استعمال کرنے چاہئیں جو پوری طرح امریکہ میں تیار کیے گئے ہوں۔

پیر کو اس تجویز کے حامیوں کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے صدر جلد اس بل پر دستخط کر دیں گے۔ یہ بل جمعرات کو صدر بائیڈن کو بھجوایا جا چکا ہے۔

قومی پرچم سے متعلق بل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ موجودہ وفاقی قواعد کے مطابق حکومت پر لازم کیا گیا ہے کہ وہ صرف ایسے پرچم خریدے گی جن میں استعمال ہونے والا کم سے کم نصف مواد امریکہ میں تیار کیا گیا ہو۔

تاہم کانگریس سے منظور ہونے والے ’آل امریکن فلیگ ایکٹ‘ کے تحت حکومت پر لازم ہو گا کہ وہ صرف ایسے پرچم خریدے اور استعمال کرے گی جن کے مواد کے ساتھ ساتھ ان کی مکمل تیاری بھی امریکہ میں ہوئی ہو۔

وفاقی حکومت کے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2015 میں 40 لاکھ ڈالر مالیت کے پرچم درآمد کیے گئے۔

بل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ درآمد کیے گئے پرچموں میں سے زیادہ چین سے درآمد کیے گئے تھے۔

اسی طرح بل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ 2017 میں امریکہ نے ایک کروڑ قومی پرچم درآمد کیے جن میں سے 99.5 فی صد چین میں تیار ہوئے تھے۔ یہ صرف ان پرچموں کی تعداد نہیں جو امریکہ کی وفاقی حکومت نے خریدے تھے بلکہ یہ ملک میں مجموعی طور پر درآمد کیے گئے پرچموں کے اعداد و شمار ہیں۔

بل متعارف کرانے والے سینیٹرز کولن اور براؤن گزشتہ کئی برسوں سے ملکی ساختہ پرچموں کے استعمال پر زور دے رہے تھے۔

ماضی میں ان کی کوششوں کو سینیٹ میں تو کامیابی ملتی تھی لیکن ایوانِ نمائندگان سے اس کی منظوری نہیں ملی تھی۔ تاہم گزشتہ جمعے یہ بل ایوانِ نمائندگان سے بھی منظور ہو گیا ہے۔

اس خبر کا مواد خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG