رسائی کے لنکس

تنخواہ کے ساتھ میٹرنٹی لیو۔۔۔امریکی خواتین کے نزدیک اہم انتخابی اشو


میٹرنٹی لیو مگر تنخواہ کے ساتھ!
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:49 0:00

امریکہ کے فیملی میڈیکل لیو ایکٹ کے تحت ملازمت پیشہ مائیں بچے کی پیدائش پر بغیر تنخواہ کے 12 ہفتے کی چھٹی لے سکتی ہیں۔ لیکن، بچے کی پیدائش پر تنخواہ کے ساتھ چھٹی کا کوئی مرکزی نظام موجود نہیں ہے

کیا آپ جانتے ہیں کہ امریکہ دنیا کے دو ایسے ملکوں میں شامل ہے جہاں خواتین کو تنخواہ کے ساتھ میٹرنٹی لیو نہیں دی جاتی؟

امریکہ کا نمبر

ملازمت پیشہ ماؤں کو زچگی کے دوران محفوظ چھٹی دینے والے زیادہ آمدنی والے 21 ملکوں میں، امریکہ کا نمبر بیسواں ہے۔ اور یہ معاملہ امریکی خواتین کے نزدیک اتنی اہمیت رکھتا ہے کہ، مبصرین کے مطابق، وہ آٹھ نومبر کے دن اپنے ووٹ کا فیصلہ اس بات کو سامنے رکھ کر کر سکتی ہیں کہ ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدواروں میں کون سا امیدوار ملازمت پیشہ ماؤں کو تنخواہ کے ساتھ میٹرنٹی لیو دینے کے بارے میں کیا پالیسی رکھتا ہے۔

امینڈا کائلی اپنے بچے کی پیدائش تک صحت پر کام کرنے والی ایک کمپنی میں مارکیٹنگ مینجر تھیں۔ لیکن، انہیں بچے کی پیدائش کے بعد اپنی ملازمت کو خیرباد کہنا پڑا۔

وہ کہتی ہیں کہ میرے بچے کی پیدائش آپریشن سے ہوئی تھی، اس لئے مجھے تین ماہ کی چھٹی کرنی پڑی۔ ان میں دو ہفتوں کی چھٹی مجھے تنخواہ کے ساتھ ملی تھی، جبکہ میں نے مختصر سی Disability leave یعنی معذوری کی چھٹی بھی استعمال کی۔ باقی کی چھٹی فیملی میڈیکل لیو ایکٹ کے تحت کی تھی، جس میں کوئی تنخواہ نہیں ملتی۔ اس دوران، میں نے اپنے دفتر سے پارٹ ٹائم کام کے بارے میں معلوم کیا، لیکن مجھے کوئی رعایت نہیں دی گئی۔ اس لئے مجھے نوکری سے مستعفی ہونا پڑا۔

علیشا کارمتی اپنے تیسرے بچے کی پیدائش تک واشنگٹن کی آرلنگٹن کاؤنٹی کے ایک سکول میں استاد تھیں۔ لیکن، اب ایسا نہیں ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ہمیں کسی قسم کی میٹرنٹی لیو تنخواہ کے ساتھ نہیں ملتی۔ میں نے اپنے سب بچوں کی پیدائش پر 12 ہفتوں کی چھٹی لی تھی، کیونکہ فیملی میڈیکل لیو ایکٹ کے تحت میں اتنی ہی چھٹی لے سکتی تھی۔ میں اور بھی چھٹی لینا چاہتی تھی لیکن بارہ ہفتوں سے زیادہ چھٹی لینے پر میری ملازمت چھوٹ سکتی تھی۔ بالآخر میں نے ملازمت چھوڑ کر بچوں کی دیکھ بھال کا فیصلہ کیا۔

امریکہ کے فیملی میڈیکل لیو ایکٹ کے تحت ملازمت پیشہ مائیں بچے کی پیدائش پر بغیر تنخواہ کے 12 ہفتے کی چھٹی لے سکتی ہیں۔ لیکن لیسا میٹز کہتی ہیں کہ ہر خاندان بغیر تنخواہ کے چھٹی لینے کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لئے امریکی شہری خاندان میں اضافے کا فیصلہ اپنے مالی حالات بہتر ہونے تک مؤخر کرتے رہتے ہیں۔

فیملی میڈیکل لیو ایکٹ وہ پہلا بل تھا، جس پرصدر بل کلنٹن نے دستخط کیے تھے۔ لیسا میٹز کے بقول، موجودہ امریکی انتظامیہ نے تنخواہ کے ساتھ چھٹی اور تنخواہ کے ساتھ بیماری کی چھٹی کے خیال کی حوصلہ افزائی کرکے بہت بڑا کام کیا ہے۔ لیکن لیسا کہتی ہیں کہ امریکہ میں بہت سے لوگوں کو تنخواہ کے ساتھ بیماری کی چھٹی بھی نہیں ملتی۔ وہ بیماری میں بھی کام پر جاتے ہیں۔ بیماری میں بچوں کو سکول بھیجتے ہیں، کیونکہ انہیں اپنے خاندان کی دیکھ بھال کرنے اور ملازمت اور پیسہ کمانے میں سے کسی ایک چیز کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ لیسا کے بقول، امریکی عوام کو کبھی بھی ایسا انتخاب کرنے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہئے۔ بقول اُن کے، ’’اس وقت ہمیں بہت تشویش ہے، کیونکہ یہ قانون کا الجھا ہوا نظام ہے‘‘۔

امریکہ میں کچھ نجی ادارے اپنے طور پر خاتون کارکنوں کو ایک یا دو ہفتوں کی میٹرنٹی لیو تنخواہ کے ساتھ بھی دیتے ہیں، لیکن بچے کی پیدائش پر تنخواہ کے ساتھ چھٹی کا کوئی مرکزی نظام موجود نہیں ہے۔ اور لیسا میٹز کہتی ہیں کہ ضروری نہیں کہ آپ کو ہمیشہ کوئی ایسا اچھا باس مل جائے، جو آپ کو آپ کے ادارے سے تنخواہ کے ساتھ چھٹی حاصل کرنے میں مدد کر سکے۔

لیکن کیا واقعی امریکی خواتین ان معاملوں کو اتنا اہم سمجھتی ہیں کہ آٹھ نومبر کو ان اشوز پر صدارتی امیدواروں کےخیالات کی روشنی میں اپنے ووٹ کا فیصلہ کریں گی؟

لیسا میٹز کہتی ہیں کہ خواتین کو ان معاملوں کی بہت فکر ہے۔ حالیہ انتخابات کا فیصلہ امریکی خواتین ہی کریں گی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ جیسے ترقی یافتہ معاشرے میں بھی صنفی فرق موجود ہے اور جو امیدوار عورتوں کے ووٹ حاصل کرے گا، وہی 20 جنوری کو وائٹ ہاؤس جائے گا۔

XS
SM
MD
LG