رسائی کے لنکس

بچوں کی تحویل کا معاملہ، گواہی نہ سننے پر اینجلینا جولی کی جج پر تنقید


اداکارہ اینجلینا جولی نے امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کی سیکنڈ ڈسٹرکٹ کورٹ آف اپیل میں دائر درخواست میں کہا کہ جج جان آؤڈر کرک نے ان کے بچوں کی گواہی سننے سے انکار کر دیا ہے۔
اداکارہ اینجلینا جولی نے امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کی سیکنڈ ڈسٹرکٹ کورٹ آف اپیل میں دائر درخواست میں کہا کہ جج جان آؤڈر کرک نے ان کے بچوں کی گواہی سننے سے انکار کر دیا ہے۔

ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اینجلینا جولی نے اپنے اور اداکار بریڈ پٹ کے بچوں کی تحویل کا عارضی حکم نامہ جاری کرنے والے جج پر تنقید کی ہے۔

اداکارہ اینجلینا جولی نے امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کی سیکنڈ ڈسٹرکٹ کورٹ آف اپیل میں دائر درخواست میں کہا کہ جج جان آؤڈر کرک نے ان کے بچوں کی گواہی سننے سے انکار کر دیا ہے۔

دائر درخواست میں اداکارہ اینجلینا جولی نے مؤقف اختیار کیا کہ جج کو عارضی حکم نامہ جاری کرنے سے پہلے ان کے بچوں کی گواہی سننی چاہیے تھی جو ان کے بچوں کی حفاظت اور خوش حالی سے متعلق تھی۔

تاہم، دستاویزات میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ وہ ثبوت کیا تھے۔

اداکارہ نے درخواست میں یہ بھی کہا کہ جج کیلی فورنیا کورٹ کے ضابطے کے ایک سیکشن پر مکمل طور پر غور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

اینجلینا جولی نے اپنی درخواست میں جس سیکشن کا تذکرہ کیا ہے اس کے مطابق اگر گھریلو تشدد کی تاریخ رکھنے والے شخص کو بچوں کی تحویل دی گئی تو یہ بچوں کے مفاد کے لیے نقصان دہ ہوگی۔

اینجلینا جولی کی درخواست میں اس بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں کہ وہ کس گھریلو تشدد کا حوالہ دے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ اینجلینا جولی کا بریڈ پٹ سے 2016 میں طلاق کا مطالبہ اِس واقعے کے چند روز بعد سامنے آیا جب دونوں اپنے بچوں کے ہمراہ نجی پرواز کے ذریعے فرانس سے لاس اینجلس آ رہے تھے اور اس دوران دونوں کے درمیان مبینہ جھگڑا ہوا تھا۔

اداکار بریڈ پر پرواز کے دوران اپنے بڑے بیٹے سے بد سلوکی کا الزام عائد تھا۔ لیکن چائلڈ ویلفئیر کے حکام اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات کے بعد بریڈ پٹ کے خلاف الزام ثابت نہ ہونے کی بنیاد پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔

اُس وقت اینجلینا جولی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اداکارہ اپنی فیملی کی صحت کی خاطر طلاق چاہتی ہیں۔

بعد ازاں اپریل 2019 میں جوڑے کے درمیان باقائدہ علیحدگی طے پائی تھی لیکن جوڑے کے درمیان بچوں کی تحویل اور مالی معاملات طے نہیں ہو پائے تھے۔

اداکارہ نے دائر درخواست میں 14 سے زائد عمر کے بچوں کو گواہی دینے کی اجازت سے متعلق کیلی فورنیا کوڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جج نے ان کے بچوں کے تجربات، ضروریات اور ان کی تحویل کے بارے میں خواہشات سے متعلق بچوں کی بات سننے سے انکار کر دیا۔

یاد رہے کہ اداکارہ اینجلینا جولی 2014 میں اداکار بریڈ پٹ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تھیں اور ان کے چھ بچے ہیں جن میں سے 19 سالہ میڈوکس، 17 سالہ پیکس اور 16 سالہ زہرہ گود لیے گئے بچے ہیں جب کہ 12 سالہ شیلوہ اور جڑواں بچے نوکس اور ویویئنے ان کے اپنے بچے ہیں۔

اداکارہ کی درخواست پر بریڈ پٹ کے وکیل نے کہا کہ جج جان آؤڈر کرک نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران مکمل اور منصفانہ انداز میں کارروائی کی ہے اور وہ ماہرین اور مستند گواہوں کو سننے کے بعد ہی عارضی فیصلے پر پہنچے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اینجلینا جولی کے اعتراضات اور فیصلے میں تاخیر کے باعث بچوں کو بہت بڑا نقصان ہو گا۔

تاہم، یہ بات واضح نہیں کہ دونوں کے بچوں کی تحویل سے متعلق کیا انتظامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جب اداکارہ اینجلینا جولی نے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی تو اس وقت اداکار بریڈ پٹ نے بچوں کی مشترکہ تحویل اور اداکارہ نے 'پرائمری فزیکل کسٹڈی' کا مطالبہ کیا تھا جس کا مطلب یہ ہے کہ بچے آدھے سے زیادہ وقت اپنی والدہ کے ساتھ گزاریں گے، لیکن بچوں کی تحویل سے متعلق تبدیلیاں بھی کی گئیں جو منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔

علاوہ ازیں، دونوں فریقین کے وکلاء نے نئی درخواست سے متعلق تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG