رسائی کے لنکس

انجلینا جولی کا جنگ زدہ یوکرین کا دورہ، بے گھر افراد سے ملاقات


انجلینا جولی اقوامِ متحدہ کے مہاجرین کے ادارے  یو این ایچ سی آر کی خصوصی ایلچی ہیں۔
انجلینا جولی اقوامِ متحدہ کے مہاجرین کے ادارے  یو این ایچ سی آر کی خصوصی ایلچی ہیں۔

ہالی وڈ اسٹار انجلینا جولی نے یوکرین کے شہر لوئف کا غیر متوقع دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ایک کیفے میں بیٹھے بے گھر افراد سے ملاقات بھی کی۔

انجلینا جولی اقوامِ متحدہ کے مہاجرین کے ادارے یو این ایچ سی آر کی خصوصی ایلچی ہیں البتہ ان کے یوکرین کے دورے سے متعلق یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا یہ ان کا سرکاری دورہ تھا یا وہ نجی طور پر یوکرین میں موجود ہیں۔

لوئف کے علاقائی گورنر میکسیم کوزیتسکی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں بتایا کہ یہ ہم سب کے لیے ایک سرپرائز تھا۔

انہوں نے انجلینا جولی کے دورے کی تصاویر اور ویڈیوز شئیر کیں جن میں اداکارہ بچوں کے ساتھ کھیلتی ہوئی نظر آ رہی ہیں جب کہ وہ رضاکاروں کے ساتھ بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔

ایک اسپتال میں انہوں نے ان بچوں کی عیادت کی جو کراماٹورسک اسٹیشن پر مبینہ طور پر روس کے میزائل حملے میں زخمی ہوئے تھے۔

گورنر کے مطابق اس واقعے میں 50 سے زائد عام شہری ہلاک ہوئے تھے۔

انجلینا جولی نے ان رضاکاروں سے بھی تبادلۂ خیال کیا جو بے گھر افراد کو ذہنی صحت سے متعلق امداد فراہم کر رہے ہیں۔

یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے ملک میں 77 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں جب کہ 54 لاکھ سے زائد افراد ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں۔

انجلینا جولی نے ایک مقامی صحافی مایا پیڈہوریسٹسکا کے ساتھ مقامی کیفے میں ملاقات کی۔مایا کا کہنا تھا کہ وہ لوئف میں انجلینا جولی کے ساتھ کافی پی رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG