رسائی کے لنکس

انجلینا جولی نے ’اعزازی آسکر ایوارڈ‘ جیت لیا


فلموں میں خطرناک اسٹنٹ کرنے والی انجلینا اصل زندگی میں نرم دل اور فلاحی کاموں کی رسیا ہیں۔ انہی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے

ہالی وڈ کی’خطرناک حسینہ‘۔۔ انجلینا جولی فلموں میں کتنے ہی خطرناک اسٹنٹ کرتی دکھائی کیوں نہ دیں، حقیقی زندگی میں بہت نرم دل ہیں اور امدادی و فلاحی کاموں میں سب سے آگے رہتی ہیں۔ انجلینا کی انہی فلاحی سرگرمیوں کے اعتراف میں انہیں ’اعزازی آسکر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے، رائٹرز کے مطابق ہالی وڈ میں ہونے والی گورنرز ایوارڈ کی شاندار او ر چکاچوند تقریب میں دنیا بھر کے مہاجرین اور انسانیت کے لئے خدمات انجام دینے پر ہالی وڈ کی سپر ہیروئن 38 برس کی انجلینا جولی کو ایوارڈ دیا گیا تو ہال نہ صرف ہالی وڈ کے چوٹی کے ستاروں سے جگمگا رہا تھا، بلکہ ان کے پارٹنر بریڈ پٹ ، ان کے لے پالک کمبوڈین نژاد بیٹے میڈوکس بھی ان کے پہلو میں موجود تھے۔

اس موقع پر انہوں نے بطور ڈائریکٹر اپنی پہلی فلم ’ان دا لینڈ آف بلڈ اینڈ ہنی‘ کی بوسنیا اور سربیا سے تعلق رکھنے والی کاسٹ سے تعارف بھی کروایا۔

انجلینا اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے رفیوجیز کی سفیر ہیں اور 40 سے زیادہ فیلڈ مشنز مکمل کر چکی ہیں۔ ان میں حال ہی میں شام میں خانہ جنگی سے متاثر ین کی امداد کا مشن بھی شامل ہے۔

فلاحی خدمات پر ایوارڈ ملنے پر انجلینا بہت جذباتی دکھائی دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلاحی کاموں کی طرف ان کو متوجہ کرنے والی ان کی آنجہانی والدہ تھیں، لیکن انجلینا نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں دوسروں کی مدد کرنے کی ’فلاسفی‘ دیر میں سمجھ آئی۔

انجلینا نے بطور پناہ گزینوں کے سفیر اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ جنگ میں بچ جانے والوں، قحط اور زیادتی کے شکار ہونے والوں سے ملیں تو انہیں یہ سبق ملا کہ دنیا میں بہت سے لوگ کس طرح کی تکلیف دہ زندگی گزار رہے ہیں۔ اس چیز نے ہی مجھے بدل دیا۔

انجلینا جولی سے پہلے ہالی وڈ کی لیجنڈری ہیروئن ایلزبتھ ٹیلر اور اداکار پال نیومین بھی فلاحی اور انسانی خدمت کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG