کمپیوٹر کی دنیا بھر میں معروف کمپنی ایپل کے شریک بانی اور آئی فون، آئی پیڈ جیسے مقبول ترین آلات متعارف کرنے والی شخصیت اسٹیوجابز نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اپیل کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور کمپنی کے ملازمین کے نام بدھ کو بھیجے گئے اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ اب وہ چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے ادارے کی خدمات اور توقعات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔
اسٹیو جابز ایک عرصے سے سرطان کے مرض میں مبتلا ہیں اور ان کے جگرکی پیوند کاری بھی ہوچکی ہے اور وہ جنوری سے طبی رخصت پر تھے۔
ایپل کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ اسٹیوجابزنے ادارے کو غیر معمولی قیادت اور وژن فراہم کیاہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے جابز کو بورڈ آف ڈائریکٹر کا چیئرمین منتخب کیا ہے اور وہ اپنی اس حیثیت میں نئی ایجادات و اخترعات کے لیے بصیرت اور راہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔
بیان میں جابز کی سفارشات کے مطابق ٹم کک کو اپیل کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیاہے۔
اس سے قبل کک چیف آپریشنز آفیسر کے طورپر کام کررہے تھے۔ اپیل کے بورڈ کا کہناہے کہ کک گذشتہ 13 برس سے ادارے کے ساتھ وابستہ ہیں اور انہوں نے ہراس کام میں جو انہیں سونپا گیاتھا، اپنی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس وقت اپیل کا شمار ڈیجٹل آلات تیار کرنے والی دنیا کی اہم ترین کمپنیوں میں کیا جاتا ہے۔ 1990ء میں یہ کمپنی دیوالیہ ہونے کے قریب تھی۔ لیکن جب اس نے بڑے کمپیوٹروں کی بجائے چھوٹے سائز کے آئی پاڈ، آئی فون اور آئی پیڈ پر توجہ مرکوز کی تو کمپنی نے ایک بار پھر ریکارڈ منافع حاصل کرنا شروع کردیا۔