رسائی کے لنکس

امریکہ: 'وال مارٹ' کے قریب سے بُلِٹ پروف جیکٹ پہنے مسلح شخص گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی ریاست میزوری میں پولیس نے سُپر اسٹور 'وال مارٹ' کے قریب سے ایک مشتبہ مسلح شخص کو حراست میں لیا ہے۔ جس سے بُلٹ پروف جیکٹ اور پستول برآمد ہوئی ہے۔

میزوری میں سپرنگ فیلڈ کے 'وال مارٹ' کے قریب سے مشتبہ شخص کی گرفتاری سے متعلق 'سی این این' نے رپورٹ کیا کہ گرفتار کیے گئے شخص کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔

پولیس نے مسلح شخص کی گرفتاری کے دوران کسی بھی قسم کی فائرنگ ہونے کی تردید کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مسلح شخص ٹرالی چلاتے ہوئے موبائل فون سے اپنی ویڈیو بنا رہا تھا۔ یہ دیکھ کر اسٹور کے مینیجر نے وہاں موجود دیگر افراد کو خبردار کرنے کے لیے گھنٹی بجا دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ مشتبہ شخص کے عزائم جاننے کےلیے تفتیش کی جائے گی۔

امریکہ کے اخبار 'یو ایس اے ٹو ڈے' کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ گرفتاری 'وال مارٹ' کے قریب ویسٹ رپبلک روڈ پر مارکیٹ سے کی گئی۔

اسپرنگ فیلڈ پولیس ڈپارٹمنٹ کے لیفٹننٹ مائیک لیکوس کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص جب اسٹور سے باہر آیا تو پولیس کے پہنچنے تک فائر فائٹر عملے نے اسے گن پوائنٹ پر روک کر رکھا۔

مائیک لیکوس کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص کا مقصد افراتفری پھیلانا تھا۔ جس میں وہ کامیاب رہا۔

خیال رہے کہ چار اگست کو ریاست ٹیکساس کے شہر الپاسو کے سپر اسٹور 'وال مارٹ' میں حملہ آور کی فائرنگ سے 20 افراد ہلاک جبکہ زخمی ہوئے تھے۔

اس وقت پولیس حکام نے بتایا تھا کہ حملہ آور دوپہر گیارہ بجے کے لگ بھگ ’وال مارٹ‘ میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ شروع ہوتے ہی خریداری کے لیے آئے ہوئے افراد اور اسٹور کا عملہ جان بچانے کی کوششں کرتے رہے۔ پولیس کے پہنچنے پر حملہ آور کو گرفتار کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG