رسائی کے لنکس

آرڈی برمن کی یاد میں آشابھوسلے کا کنسرٹ


آرڈی برمن کی یاد میں آشابھوسلے کا کنسرٹ
آرڈی برمن کی یاد میں آشابھوسلے کا کنسرٹ

عمر کے 77 ویں سال میں آشا بھوسلے کا واشنگٹن میں پرفارم کرنا واشنگٹن کے رہائشیوں کے لیے یادگار لمحات تھے

سروں کی ملکہ اور ہندوستانی فلم صنعت کی لیجنڈ کہلائی جانے والی گلوکارہ آشا بھوسلے نے گزشتہ دنوں واشنگٹن میں ایک کانسرٹ میں پرفارم کیا۔ پچھلی چھ دہائیٕوں سے فلمی دنیا سے اپنی آواز کے ذریعے جڑی آشا نے بالی وڈ کو ’دم مارو دم‘ پیا تواب تو آجا‘ چُرا لیا ہے تم نے ’جائیے آپ کہاں جائیں گے’ ‘دو لفظوں کی ہے دل کی کہانی’ اور ان جیسے لاتعداد خوبصورت اور یادگار نغمے دیے ۔ عمر کے 77 ویں سال میں آشا بھوسلے کا واشنگٹن میں پرفارم کرنا واشنگٹن کے رہائشیوں کے لیے یادگار لمحات تھے۔

آشا بھوسلے نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس کانسرٹ کے لیے خاص طور پر آر ڈی برمن صاحب کے نغمے تیار کیے ہیں۔ جس کی مناسبت سے کانسرٹ کا نام بھی ‘ راہول اینڈ آئی ’ رکھا گیا ہے۔ راہول دیو برمن کو موسیقی کی دنیا میں آر ڈی برمن کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ جو آشا بھوسلے کے شوہر بھی تھے۔

آشا بھوسلے نے کہا کہ انھوں نے کوشش کی ہے کہ برمن صاحب کی یادیں لوگوں کو بتائیںٕ ۔ وہ باتیں جو ریکارڈنگ میں ہوتی تھیں یا پھر گھر کی باتیں۔ وہ باتیں جو لوگوں کو پتہ نہیں ۔ پھر ان کے ساتھ گانا؟ یہ سب کیسے ہوا؟ یہ ان کی زندگی کی ، سب پرسنل چیزیں ہیں۔ جو وہ اس کانسرٹ ، راہول اینڈ آئی ’ کے ذریعے لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتی ہیں۔

آشا بھوسلے واشنگٹن پہلے بھی آ چکی ہیں اور کانسرٹ کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ کہیں جاتی ہیں تو بہت تبدیلی آ چکی ہوتی ہے اور لوگ بھی تبدیل ہوجاتے ہیں۔ لیکن پانچ سال بعد واشنگٹن آکر انھیں بہت اچھا لگ رہا ہے۔

آشا بھوسلے نے وائس آف امریکہ کے توسط سے ساری دنیا میں اپنے چاہنے والوں کو امن اور محبت کا پیغام دیا۔ اس سوال کے جواب میں کہ وہ پاکستان میں اپنے چاہنے والوں کو کیا کہنا چاہیں گی ؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ انھیں بہت چاہتے ہیں اور ان سے آکر کہتے رہتے ہیں کہ وہ پاکستان آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی تو پیار کرتا ہے اور ایک دوسرے کو چاہتا ہے ۔ اور اسی طرح دنیا بدل سکتی ہے۔ اگر ہم ایک دوسرے کو پیار کریں تو تمام کدورتیں ختم ہو سکتی ہیں۔ اور دنیا بدل سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر ان کے چاہنے والے انھیں اسی طرح سنتے رہیں اور پیار کرتے رہیں تو وہ اور گاتی رہیں گی۔

اپنے فلمی کیرئیر میں 12 ہزار سے زائد ہندی اور مراٹھی گانے گا چکنے والی آشا بھوسلے کا شمار دنیا کے چوٹی کے گلوکاروں کی فہرست میں ہوتا ہے۔ ناصرف ان کے زمانے کے لوگ بلکہ آج کی نوجوان نسل بھی آشا بھوسلے کی دیوانی ہے جس کی مثال یہاں واشنگٹن میں ان کے کانسرٹ میں بڑی تعداد میں نوجوانوں کی شرکت تھی۔ جن کا کہنا تھا کہ وہ آشا بھوسلے کو سنتے سنتے جوان ہوئے ہیں اور آشا بھوسلے کے بیشتر نغمے نوجوان نسل کی نمائندگی کرتے ہیں۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے واشنگٹن کے باسیوں نے آشا بھوسلے کے کانسرٹ کو بہت سراہا اور کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ آشا بھوسلے کا فیئر ویل کانسرٹ ہو اس لیے ان کے لیے یہ خاص اہمیت کا حامل ہے۔

XS
SM
MD
LG