رسائی کے لنکس

خلائی مسافر کھلونا کتا لاپتا


تفصیلات کے مطابق کھلونا کتے کو 5 اپریل کو باخبر رہنے والے سازوسامان جی پی ایس اور کیمرے کے ساتھ ہیلیئم غبارے کے ذریعے فضا میں چھوڑا گیا تھا۔

شمالی برطانیہ کی کاؤنٹی یورک شائر اور لنکا شائر میں خلا میں بھیجے گئے ایک کھلونا کتے کی تلاش کا کام شروع کیا گیا ہے۔

لنکا شائر کے ایک اسکول کے طلبہ نے سائنس منصوبے کے تحت فضا میں ایک کھلونا کتا بھیجا تھا جو کہ لاپتا ہو گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مورکیمب بے کمیونٹی پرائمری اسکول اور سینٹلٹو اسپیس کے زیر اہتمام یہ ایک تعلیمی منصوبے کا حصہ تھا جس کے تحت سیم نامی کتے کو مڈ لینڈ کے ایک ہوٹل سے خلائی سفر کے لیے بھیجا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کھلونا کتے کو 5 اپریل کو باخبر رہنے والے سازوسامان جی پی ایس اور کیمرے کے ساتھ ہیلیئم غبارے کے ذریعے فضا میں چھوڑا گیا تھا۔

سیم نے خلا کے کنارے تک سفر کیا تھا اور زمین سے زیادہ سے زیادہ15 میل یا 25 کلومیٹر کی اونچائی تک پہنچا تھا تاہم اس کی نقل و حمل کا غبارہ پھٹ جانے کی وجہ سے وہ زمین کی طرف واپس آ رہا تھا۔

اس کے خلائی سفر کو کیمرے اور جی پی ایس کی مدد سے فلمایا گیا ہے تاہم زمین پر واپسی کے راستے میں وہ کھو گیا ہے۔

دریں اثناء کتے کے ساتھ منسلک ساز و سامان کو لانچ کی جگہ سے تقریباً 48 میل کے فاصلے پر ایک علاقے سے ڈھونڈ نکالا گیا ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ وہ واپسی کے دوران سامان سے علیحدہ ہو گیا تھا۔

لنکا شائر کے ایک معروف چار ستارہ ہوٹل 'انگلش لیکس اینڈ ہوٹلز ریزورٹس' کی طرف سے کھلونا کتے کو بحفاظت اسکول تک پہنچانے والے شخص کے لیے ایک انعام کی پیشکش کی گئی ہے۔

اسکول کے ترجمان نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ سیم کی تلاش کا کام جاری ہے اور اس سلسلے میں تلاش کو وسیع تر کیا گیا ہے جبکہ اسے آخری بار شمالی یورک شائر میں دیکھا گیا تھا۔

شیفلڈ میں سینٹلٹو اسپیس سے منسلک کرس روز نے بتایا کہ فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ جب وہ خلا کے کنارے تک پہنچ چکا تھا تو ہیلیئم غبارہ سیم کتے کے ساتھ الجھ گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وہ لنکا شائر، یورک یا شیفلڈ کے ارد گرد کے علاقے میں کہیں گرا ہو گا۔

ادھر موکیمب بے کمیونٹی اسکول کے طلبہ جنھوں نے ایک کھلونا کتے کو خلا میں بھیج کر تاریخ رقم کی ہے بڑی بے چینی کے ساتھ سیم کی محفوظ واپسی کے منتظر ہیں۔

XS
SM
MD
LG