روس کا خلائی جہاز 'سویوز' تین رکنی عملے کو لے کر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں پہنچ گیا ہے۔
ان میں امریکی خلا باز جیف ولیمسن بھی شامل ہیں جو اپنے چھ ماہ کے مشن کے اختتام پر خلا میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ دن (534) گزارنے والے پہلے امریکی خلا نورد بن جائیں گے۔
ولیمسن تیسری مرتبہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچے ہیں۔
ولیمسن کے ساتھ روسی خلا باز آلیک سریپوچکا اور الیکسی اوفچائنن بھی سویوز کے ذریعے خلائی اسٹیشن پہنچے ہیں جو وہاں پہلے سے موجود خلا بازوں کے ساتھ مل کر سیکڑوں سائنسی اور حیاتیاتی تجرباتی کریں گے۔
اس وقت سب سے زیادہ دن (879) خلا میں گزارنے کا ریکارڈ روسی خلاباز جیناڈی پاڈالکا کے پاس ہے۔
سویوز کے ذریعے یہ تینوں خلا باز ہفتہ کو علی الصبح قازقستان سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوئی تھی۔