آسٹریلیا نے فوج کے مخصوص شعبوں میں خواتین کی بھرتی پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے ان کی ہراول دستوں اور اسپیشل فورسز میں شمولیت ممکن ہوگی۔
منگل کو وزیردفاع اسٹیفن اسمتھ نے کہا کہ فوج میں خواتین کی بھرتی کلی طور پر ان کی قابلیت پر مبنی ہوگی اور انھیں مخصوص جسمانی مشقوں میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ قوائد وضوابط میں تبدیلی کا عمل آئندہ پانچ برسوں میں مکمل ہوگا۔
59000 فوجیوں پر مشتمل آسٹریلوی فوج کے بیشتر شعبوں میں خواتین کو پہلے ہی شرکت کی اجازت ہے۔ ان میں بحری اور لڑاکا پائلٹ کے شعبے بھی شامل ہیں۔ افغانستان میں تعینات آسٹریلوی توپ خانے کے دستوں میں بھی خواتین شامل ہیں۔
کینیڈا اور نیوزی لینڈ پہلے ہی اپنی افواج جنس کی بنیاد پر پابندی ختم کرچکے ہیں۔