آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو ایک اننگز اور 41 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی ایشز سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی ہے۔
پرتھ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے آخری روز انگلینڈ نے 132 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی تو اُسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 127 رنز کی ضرورت تھی اور اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔
مہمان ٹیم کو جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا اور اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے پر ہیزل ووڈ نے بیرسٹو کو پویلین واپس بھیج دیا۔ معین علی بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 11 رنز بناکر لایون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
ڈیوڈ ملان نے آسٹریلوی بالرز کے سامنے کسی حد تک مزاحمت کی اور 54 رنز بنائے۔ وہ ہیزل ووڈ کی گیند پر وکٹ کیپر پینے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 196 رنز تھا۔
باقی تین وکٹیں بھی مجموعی اسکور میں صرف 22 رنز کا اضافہ کرسکیں اور پوری ٹیم 218 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یوں آسٹریلیا نے نہ صرف پرتھ ٹیسٹ جیت لیا بلکہ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔
ہیزل ووڈ نے 5، کومنز اور لایون نے دو، دو جبکہ مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔
پرتھ کے گراؤنڈ پر 1991ء سے اب تک انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی یہ مسلسل آٹھویں کامیابی ہے جبکہ یہ دسواں موقع ہے جب پانچ یا اس سے زائد میچوں پر مشتمل ایشز سیریز کا فیصلہ تیسرے ہی ٹیسٹ میں ہوگیا۔
نو مرتبہ آسٹریلیا نے سیریز جیتی جبکہ صرف ایک مرتبہ 1928ء میں انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کی تھی۔
سیریز کا چوتھا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔