رسائی کے لنکس

الجزیرہ کے تین صحافیوں کے لیے 'آزادی اظہار' اعزاز کا اعلان


پیٹر کو رواں سال کے اوائل میں رہا کر کے مصر سے ملک بدر کر دیا گیا۔ فہمی اور باہیر کی سزا صدر عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ ماہ معاف کر دی تھی۔

صحافیوں کی ایک بین الاقوامی تنظیم نے مصر میں قید کی سزا پانے والے الجزیرہ ٹی وی کے تین صحافیوں کے لیے "آزادی اظہار" کے اعزاز کا اعلان کیا ہے۔

"انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پریس کلبز" نے اس سال کے آزادی اظہار ایوارڈ سے محمد فہمی، پیٹر گریسٹے اور باہیر محمد کو نوازا۔

تنظیم کا کہنا تھا کہ یہ انعام "دباؤ اور قید کا سامنا کرنے کے باوجود سچ اور آزادی اظہار کا دفاع کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں انھیں (صحافیوں کو) دیا گیا۔"

ان تینوں صحافیوں کو 2013ء میں مصر میں گرفتار کر کے انھیں قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ ان پر غلط خبریں پھیلا کر کالعدم گروپ اخوان المسلمین کی حمایت کرنے کا الزام تھا۔

پیٹر کو رواں سال کے اوائل میں رہا کر کے مصر سے ملک بدر کر دیا گیا۔ فہمی اور باہیر کی سزا صدر عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ ماہ معاف کر دی تھی۔

یہ تینوں خود پر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے رہے ہیں اور اب بھی وہ مصری عہدیداروں پر آزادی صحافت کی یقینی بنانے پر زور دیتے ہیں۔

مصر کا شمار بھی دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جو شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والوں کے لیے خطرناک تصور کیے جاتے ہیں۔

صحافیوں کے حقوق کی سرگرم تنظیم "کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس" (سی پی جے) نے رواں سال ہی اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ مصر میں 18 مصری صحافیوں کو جیل بھیجا گیا جو کہ ماضی کی نسبت ایک بہت بڑی تعداد ہے۔

XS
SM
MD
LG