رسائی کے لنکس

اسلامک اسٹیٹ کا نائب سربراہ ٖفضائی حملے میں ہلاک


ایاد الجومیلی ، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اسلامک اسٹیٹ کے سربراہ ابوبکر البغدادی کا نائب ہے، ایک فضائی حملے کے دوران مارا گیا ہے۔

عراق کے سرکاری ٹیلی وژن نے ہفتے کے روز عراقی فوجی انٹیلی جینس کے حوالے سے بتایا کہ الجومیلی کی ہلاکت شام کے ساتھ سرحد کے قریب ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عراقی فضائیہ نے شام کی سرحد کے قریب القائم کے علاقے میں اپنے اہداف پر حملے کیے جس میں ایاد الجومیلی اسلامک اسٹیٹ کے دوسرے کمانڈروں کے ساتھ مارا گیا۔

تاہم اس حملے کی تاریخ اور دوسری تفصیلات کے متعلق کچھ نہیں کہا گیا۔

عراقی ٹیلی وژن کاکہنا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ میں ایاد کی حیثیت ابوبکر بغدادی کے بعد دوسرے نمبر پر تھی اور وہ وزیر جنگ کے عہدے پر تعینات تھا۔

اس سلسلے میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف امریکی قیادت کے فوجی اتحاد کے کمانڈر سے فوری طور پر رابطہ نہیں ہوسکا۔

عراقی فورسز، جنہیں امریکی قیادت کے اتحاد کی مدد حاصل ہے، عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے مضبوط گڑھ موصل کا قبضہ واپس لینے کے لیے جنگ لڑ رہی ہیں ۔ یہ وہ شہر ہے جہاں تقریباً تین سال پہلے ابوبکر بغدادی نے اپنی خلافت کا اعلان کیا تھا۔

لڑائیوں سے بچنے کے لیے ہزاروں پناہ گزین موصل چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا بغدادی ابھی تک موصل میں موجود ہیں۔ لیکن امریکی اور عراقی عہدے داروں کا خیال ہے کہ وہ موصل کی کمانڈ اپنے ساتھیوں کو سونپ کر صحرا میں روپوش ہو گئے ہیں۔

ادھر شام میں اسلامک اسٹیٹ کو اس کے مضبوط گڑھ رقہ سے نکالنے کے لیے ایک اور جنگ کی تیاریاں جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG