عراق میں پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت بغداد کے مضافات میں واقع ایک معروف مارکیٹ میں ایک خودکش دھماکہ ہوا، جس میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ حملے میں کم از کم 26 افراد زخمی ہوئے، جو بغداد کے جنوب مشرق میں واقع نروان شاپنگ علاقے میں کیا گیا۔
ایک سکیورٹی اہل کار نے بتایا کہ خودکش بم حملہ آور نے پیر کی شام گئے ایک مارکیٹ پر شہریوں پر فائر کھولا، جس کے بعد دھماکہ ہوا۔
’عمق چینل‘ پر ایک پیغام میں، داعش کے شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
عراق کی فوج اس شدت پسند گروپ کے خلاف اپنی آخری کارروائی میں مصروف ہے، جس سے قبل داعش کو علاقے سے باہر نکال دیا گیا، جو شامی سرحد کے قریب مغربی عراق میں اُس کے زیر کنٹرول تھا۔
گذشتہ ہفتے، عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا تھا کہ ملک بہت جلد داعش کے خلاف فتح کا اعلان کرے گا۔ تاہم، عراقی سکیورٹی افواج کا کہنا ہے کہ اپنی خودساختہ خلافت کو چوٹ لگنے کے بعد عین ممکن ہے کہ شدت پسند سرکشی کو تیز کردیں۔