پاکستان میں حالیہ سالوں میں علاقائی یوم ثقافت کے دن منانے کا رجحان بہت تیزی سے پروان چڑھا ہے۔ ’سندھی یوم ثقافت‘ اور ’بلوچ یوم ثقافت‘ ان میں پیش پیش ہیں۔ جس لگن اور چاہت سے ہر سال انہیں بڑھ چڑھ کر منایا جا رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے اندازا ہوتا ہے کہ آئندہ سالوں میں انہیں علاقائی تہوار کا درجہ حاصل ہو جائے گا۔
پاکستان بھر میں اور خاص کر کراچی میں مارچ کے پہلے ہفتے میں ’بلوچ کلچرل ڈے‘ منایا گیا۔ اس دن کی خاص بات یہ تھی کہ اس بار کراچی میں واقع امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ کی رہائش گاہ پر بھی بلوچ یوم ثقافت شان و شوکت کے ساتھ منایا گیا۔
تقریب میں بلوچی موسیقار اختر چنار زہری نے اپنی موسیقی سر چھیڑے تو یکدم ہی سماں بندھ گیا۔ قونصل جنرل برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ”پاکستان مختلف ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے اور پاکستانی اس پر جتنا فخر کریں کم ہے۔“
ان کا یہ کہنا بھی تھا کہ ”امریکہ میں بھی مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد بستے ہیں اور یہ افراد دوسری ثقافتوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ ناصرف گھل مل کر رہتے ہیں، بلکہ ان کی روایات کو بھی اپناتے ہیں اس طرح ایک مضبوط امریکا کی تشکیل میں مدد ملتی ہے۔“
تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے شرکت کی تھی۔ بیشتر افراد نے بلوچستان کی قدیمی ثقافتی لباس زیب تن کئے ہوئے تھے۔