بنگلہ دیش میں پولیس نے کہا ہے کہ اس نے ڈھاکہ میں ایک چھاپے کے دوران ایک اسلام پرست پارٹی کے 20 ارکان کو گرفتار اور کئی بم قبضے میں لے لیے ہیں۔
حزب اختلاف کی پارٹی جماعت اسلامی کے ارکان کو جمعرات کے روز اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ڈھاکہ کے علاقے میرپور میں واقع ایک گھر میں اجلاس کررہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں گھر میں سے چھ گھریلو ساختہ بم اور دوسرا دھماکہ خیز مواد بھی ملاہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جماعت کے گرفتار کیے جانے والے ارکان ملک میں امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
جماعت اسلامی بنگلہ دیش میں سابقہ وزیر اعظم خالدہ ضیا کی قیادت میں کام کرنے والی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشلسٹ پارٹی کی اتحادی ہے۔
جماعت اسلامی کے ارکان پر یہ شبہ کیا جاتا ہے کہ انہوں نے 1971ء بنگلہ دیش کی جنگ آزادی میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔