رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش میں ایک اور ’بلاگر‘ قتل


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ وشیق الرحمٰن کو ڈھاکہ کے بیگنبری علاقے میں چاقو سے وار کر کے ہلاک کیا گیا۔

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پیر کو ایک ’بلاگر‘ کو ہلاک کر دیا گیا۔

پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ وشیق الرحمٰن کو ڈھاکہ کے بیگنبری علاقے میں چاقو سے وار کر کے ہلاک کیا گیا۔

مسٹر رحمٰن کے ’بلاگ‘ یا تحریروں کے مواد سے متعلق فوری طور تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ تاہم بنگلہ دیش میں آزاد سوچ پر مبنی اقدار کے حامی بلاگرز اور صحافیوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک بین الاقوامی تنظیم ’رپورٹرز ودآؤٹ بارڈز‘ کے مطابق میڈیا کی آزادی کے حوالے سے 180 ممالک کی درجہ بندی میں بنگلہ دیش 146ویں نمبر پر ہے۔

گزشتہ ماہ ہی بنگلہ دیشی نژاد امریکی بلاگر اویجیت رائے کو ڈھاکہ میں اسی طرح کا حملہ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ حملے میں اویجیت رائے کی اہلیہ بھی زخمی ہو گئی تھیں۔

بنگلہ دیش کی انسداد دہشت گردی فورس نے اویجیت رائے کے قتل کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم سخت گیر نظریات رکھنے والا ایک شخص بتایا جاتا ہے جس نے اویجیت رائے کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ’فیس بک‘ اور ’ٹویٹر‘ پر دھمکیاں دی تھیں۔​

XS
SM
MD
LG