بھوپال گیس حادثے سے متعلق وزیروں کے گروپ نے حادثے میں مرنے والوں کے اہلِ خانہ اور متاثرین کےلیے ڈیڑھ ارب روپے کے خصوصی پیکیج دینے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ کو دس دس لاکھ روپے، مستقل معذور ہونے والوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے اور جزوی معذور ہونے والوں کو تین تین لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ البتہ، اب تک معاوضے کے طور پر اُنھیں جو رقوم دی گئی ہیں اُن کو اِس میں سے منہا کردیا جائے گا۔
بھارتی وزیرِ داخلہ پی چدم برم نے، جنِ کی سربراہی میں گروپ کاکئی روزتک اجلاس چلتا رہا، میڈیا کو بتایا کہ تمام ایشوز پر تبادلہٴخیال کیا گیا ہے اور گروپ کی تیار کردہ رپورٹ پر جو وزیرِ اعظم کو پیش کی جارہی ہے، جمعے کے روز کابینہ کے خصوصی اجلاس میں غور کیا جائے گا۔
وزرا کے گروپ نے یونین کاربائیڈ کارپوریشن کے اُس وقت کے چیرمین وارن اینڈرسن کو بھارت لانے کی نئے سرے سے کوشش کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ وزارتی گروپ کے ایک رکن، کمل ناتھ نے اِس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ اینڈرسن کی کو بھارت لانے پر غور ہو رہا ہے۔
وزارتی گروپ نے1996ء کے سپریم کورٹ کے اُس فیصلے کو چیلنج کرنے کی سفارش کی جِس کے تحت ملزموں کو کم قصور وار ٹھہرایا گیا تھا۔ اِس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہےکہ مرکزی اور مدھیا پردیش کی ریاستی حکومت یونین کاربائیڈ پلانٹ کے زہریلے فضلے کو صاف کرے۔