سی این این صدارتی مباحثہ؛ ماضی سے کتنا مختلف؟
امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جمعرات 27 جون کو پہلا مباحثہ ہونے جارہا ہے جو امریکہ کے ایسٹرن ٹائم کے مطابق شب نو بجے نشر ہوگا۔ اس مباحثے کی میزبانی امریکی نیوز نیٹ ورک ’سی این این‘ کر رہا ہے۔ اس بار مباحثے کے لیے روایت سے ہٹ کر کئی قواعد و ضوابط بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ تفصیلات ان گرافکس میں۔
صدارتی مباحثے کے ضوابط
امریکہ کے صدارتی امیدواروں کے درمیان مباحثے کے میزبان نشریاتی ادارے 'سی این این' نے کڑے ضوابط رکھے ہیں اور گفتگو کو آگے بڑھانے کا مکمل خاکہ بھی دیا ہے۔
سی این این کے مطابق صدارتی مباحثے کا دورانیہ 90 منٹ پر مشتمل ہو گا اور امیدوار کوئی تمہیدی گفتگو نہیں کریں گے بلکہ صرف میزبانوں کے سوالات کا جواب دیں گے۔
ضوابط کے مطابق مباحثے کے دوران مقرر کا مائیک صرف بات کرتے وقت کھولا جائے گا اور بات ختم ہوتے ہی مائیک بند کردیا جائے گا۔ماڈریٹرز "وقت کی پابندی کرانے اور بحث کو تہذیب کے دائرے میں رکھنے کے لیے تمام ٹولز استعمال کریں گے۔
امریکہ میں اس سے قبل ہونے والے صدارتی مباحثوں میں حاضرین بھی موجود ہوتے تھے۔ تاہم اس بار ایسا نہیں ہو گا۔
مقررین کو اسٹیج پر پہلے سے لکھے ہوئے نوٹس یا کوئی اور شے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر امیدوار کو پانی کی بوتل، ایک قلم اور لکھنے کے لیے پیڈ دیے جائیں گے۔
دونوں امیدواروں کو سوال کا جواب دینے کے لیے دو منٹ کا وقت دیا جائے گا۔مقابل امیدوار کی کسی بات کی تردید کرنے کے لیے دوسرے امیدوار کو ایک منٹ دیا جائے گا اور اس تردید یا اعتراض کا جواب دینے کے لیے پہلے مقرر کو ایک منٹ دیا جائے گا۔ میزبان اپنی صوابدید پر ایک اضافی منٹ بھی دے سکتے ہیں۔
ہر امیدوار کو گفتگو کے لیے دیا گیا وقت ختم ہونے سے پانچ سیکنڈ قبل سرخ بتی جلنا بجھنا شروع کر دے گی اور وقت ختم ہوتے ہی بتی مکمل طور پر سرخ ہوجائے گی۔
مباحثے کے لیے اسٹیج پر ایک جیسے پوڈیمز رکھے گئے ہیں جن میں سے صدر بائیڈن دائیں اور ٹرمپ بائیں جانب کھڑے ہوں گے۔ اسٹیج پر دائیں اور بائیں کھڑے ہونے کا یہ فیصلہ سکے سے ٹاس کر کے کیا گیا تھا جو بائیڈن جیت گئے تھے۔
مباحثے میں اشتہاروں کے لیے دو وقفے ہوں گے۔ وقفے کے دوران امیدوار اپنے عملے کے افراد سے نہیں مل سکیں گے۔ کمرشل وقفوں کے دوران کارپوریٹ اسپانسرشپ کی اجات دینا ٹی وی پر حالیہ صدارتی مباحثوں کی روایت کے برخلاف ہے۔
مباحثے کے اختتام پر دونوں امیدواروں کو اختتامی گفتگو کے لیے دو دو منٹ دیے جائیں گے جس میں پہلے بائیڈن اور آخر میں ٹرمپ بات کریں گے۔ یہ ترتیب بھی پوڈیم کے لیے ہونے والے ٹاس کے طریقہ کار سے متعین کی گئی ہے۔
امریکی انتخابات: ڈیموکریٹک پارٹی کی تاریخ
امریکہ میں دو اکثریتی سیاسی جماعتیں ہیں۔ ڈیموکریٹک اور ری پبلکن۔ آیئے ڈیموکریٹک پارٹی کی تاریخ پر ایک نظر ڈالتے ہیں ۔
امریکی انتخابات: ری پبلکن پارٹی کی تاریخ
امریکہ میں دو اکثریتی سیاسی جماعتیں ڈیموکریٹک پارٹی اور ری پبلکن پارٹی ہیں۔ آیئے ری پبلکن پارٹی کی تاریخ پر ایک نظر ڈالتے ہیں ۔